ضلع محبوب آباد میں انہدامی کارروائی پر پتھراؤ

   

دو پولیس ملازمین کے علاوہ ایک خاتون شدید زخمی

حیدرآباد۔/12 فبروری، ( سیاست نیوز) ضلع محبوب آباد کے بابو نائیک تانڈہ میں پائی جانے والی اسائینڈ اراضیات پرغیر مجاز طور پر تعمیر کردہ مکان کو منہدم کرنے کے واقعہ پر حالات کشیدہ ہوگئے اور مقامی عوام نے میونسپل ، ریونیو اور پولیس ملازمین پر بڑے پیمانہ پرپتھراؤ کرکے زبردست حملہ کیا۔ جس کے نتیجہ میں دو پولیس ملازمین شدید زخمی ہوئے۔ علاوہ ازیں زبردست پتھراؤ کے باعث میونسپل کمشنر کی گاڑی کے شیشے ( گلاسیس ) پھوٹ گئے اور اس موقع پر زبردست دھکم پیل بھی جاری رہی اور بالخصوص تحصیلدار مسٹر رنجیت اور میونسپل کمشنر محبوب آباد کو مقامی عوام نے گھیر لیکر حملہ کرنے کی کوشش کی۔ بتایا جاتا ہے کہ پائی جانے والی صورتحال کو دیکھتے ہوئے میونسپل و ریونیو عہدیدار مقام واقعہ سے بھاگ نکلنے میں اپنی بہتری تصور کرکے وہاں سے تیزی کیساتھ روانہ ہوگئے۔ اسی دوران پیش آئے پتھراؤ کے واقعہ میں ایک خاتون زخمی ہوکر بے ہوش ہوگئی جسے فوری طور پر پولیس کی گاڑی کے ذریعہ ایریا ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں خاتون کی حالت خطرہ سے باہر بتائی جاتی ہے۔ مقامی عوام کے مطابق بتایا جاتاہے کہ عہدیداروں نے کسی اطلاع کے بغیر تعمیر کردہ مکان کو منہدم کرکے حالات کو بگاڑ دیا اور عوام کو مشکلات سے دوچار کیا۔