بابو جگجیون رام کی یوم پیدائش تقریب سے ریاستی وزیر سرینواس گوڑ کا خطاب
محبوب نگر ۔ حقیقی آزادی اسی وقت حاصل ہوسکتی ہے جب دلت سماجی و معاشی طور پر ترقی کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر وی سرینواس گوڑ نے بابو جگجیون رام کی 115 ویں یوم پیدائش کے موقع پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات یہ ہے کہ ملک کی آزادی کے طویل عرصہ بعد بھی دلت طبقہ کو بے شمار مسائل کا سامنا ہے ۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ کو مشورہ دیا کہ دلتوں کے حقوق اور ان کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کا جائزہ لیا جائے ۔ انہو ںنے کہا کہ ضلع محبوب نگر سے غربت کا خاتمہ اور نقل مقام کو ختم کرنا ہے ۔ ضلع میں روزگار اور خوشحالی لانا ۔ ضلع کی ہمہ جہت ترقی میرا مقصد ہے ۔ اس موقع پر انہوں نے دلت بانڈ کے تحت 17 ٹریکٹر 2 بولیرو 1 آٹو ٹرالی استفادہ کنندگان کے حوالے کئے ۔ گروپس اسٹیڈی سرکل کے تحت طلباء میں اسٹیڈی میٹریل تقسیم کیا ۔ پروگرام میں ضلع پریشد چیرمین سورنا سدھاکر ریڈی ضلع کلکٹر وینکٹ راؤ ، لوکل باڈیز ایڈیشنل کلکٹر وائی نندلال پوار ، لائبرریز چیرمین راجیشور گوڑ ، ضلع ایس پی آر وینکٹیشورلو ، میونسپل چیرمین نرسمہلو وائس چیرمین گنیش ، سماجی بہبود ڈپٹی ڈائرکٹر یادیا کے علاوہ عہدیداران عوامی نمائدہ موجود تھے ۔