ضلع ملگ میں خواتین کیلئے سیاست ہب کے ٹیلرنگ سنٹر کا افتتاح

   

مفت ٹیرلنگ کی تربیت، خواتین کی خودمکتفی سے معاشی خوشحالی ممکن، جناب عامر علی خان کا خطاب
ورنگل ۔ 24 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ملگ ضلع کے کاٹاپور علاقہ کا جناب عامر علی خان ایم ایل سی و نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست حیدرآباد نے دورہ کیا۔ اس موقع پر گاؤں کی عوام نے ان کا شاندار استقبال کیا۔ کاٹاپور (ضلع ملگ) کے مسلم خواتین کے لئے Muslim Women Enpowerment پروگرام کے تحت خواتین و بے روزگار نوجوانوں کو خود مکتفی بنانے کے لئے ’’سیاست ہب‘‘ کے ذریعہ رہنمائی کی جائے گی۔ اس ضمن میں سیاست ہب کی جانب سے کاٹاپور کی خواتین کے لئے سلائی مشین سنٹر کا جناب عامر علی خان کے ہاتھوں افتتاح عمل میں آیا جس میں غریب مستحق خواہش مند خواتین کو ٹیلرنگ کی تربیت دی جائے گی۔ اس افتتاحی تقریب میں ولیج سرپنچ پلوری گورما، سابق سرپنچ محمد مظفر حسین، جرنلسٹ ایم اے نعیم نے شرکت کی۔ اس موقع پر جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر سیاست نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کی خودمکتفی سے خاندان میں معاشی خوش حالی آتی ہے۔ اپنی زندگیوں کو معاشی طور پر پرسکون بنانے کی ضرورت ہے۔ حکومت کی جانب سے خواتین کو ریزرویشن سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔ تعلیم تو ہر کوئی حاصل کررہا ہے لیکن روزگار کے سلسلہ میں پریشان ہو رہے ہیں ان کی رہبری کیلئے سیاست ہب رہنمائی کررہا ہے۔ مسلم قوم کی ترقی کے لئے سب مل کر ہر سطح پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ سیاست ازل سے ہی قوم و ملت کی ہر طرح سے خدمت انجام دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے تمام اضلاع میں ملگ اور جنگاؤں کو فوقیت دیتے ہوئے یہاں کے مسلم خواتین اور بے روزگار مرد حضرات کی پسماندگی کو دورکرتے ہوئے ہر ایک کے چہروں پر خوشی و مسرت ظاہر ہو کوشش کی جائے گی۔ دیہات کے لوگ زرعی شعبہ سے وابستہ ہیں ان کو زرعی شعبہ کے علاوہ دیگر ذرائع تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔ ملگ کاٹاپور کے دورہ پر مقامی خواتین نے سلائی سنٹر کے قیام پر عامر علی خان کا شکریہ ادا کیا اور آئندہ بھی عامر علی خان سے رہبری کی خواہش ظاہر کی۔ اس موقع پر صدر کمیٹی محمد اکرم حسین، محمد رحمن، پالاکورتی مدھوگوڑ، محمد قادر حسین، رضوانہ بیگم، طاہرہ بیگم و دیگر موجود تھے۔ محمد رحمن نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔