حیدرآباد کارپوریشن کا مئیر بھی بی جے پی کا ہوگا ، تہنیتی تقریب سے رکن پارلیمنٹ ایم رگھونندن راؤ کا ادعاء
میدک /13 اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) رکن پارلیمنٹ میدک مسٹر ایم رگھونندن راؤ نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں بھاجپا کو اقتدار پر لانے کیلئے پارٹی کی تمام صفوں کو متحدہ جدوجہد کرنی ہوگی ۔ ریاست کے وزیر اعلی ریونت ریڈی کا کہنا ہے کہ تلنگانہ میں بی جے پی ایک قدم نہیں جماسکتی ۔ جس پر انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈئ کو چاہئے کہ ریاست میں بھاجپا کی قوت کا اندازہ لگانے کیلئے سنجیدگی کے ساتھ غور کرنا ہوگا ۔ ریاست میں حالیہ منتخب ایم ایل سی انتخابات میں ضلع میدک سے ٹیچرس ، ایم ایل سی ، گریجویٹ ، ایم ایل سی کی نشستوں پر بھاجپا کے امیدوار بھاری اکثریت کے ساتھ پہلے ترجیحی ووٹ کے ذریعہ کامیابی حاصل کرچکے ہیں۔ مسٹر رگھونندن راؤ میدک ضلع بھاجپا کے زیر اہتمام بھاجپا کے نومنتخب ایم ایل سیز مسٹر کمریا ( ٹیچرس ایم ایل سی اور مسٹر ا نجی ریڈی گریجویٹ ایم ایل سی کے اعزاز میں منعقدہ ایک تہنیتی تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے اپنے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ اس تقریب کی صدارت صدر ضلع بھاجپا وی ملیش گوڑ نے کی ۔ مسٹر رگھونندن راؤ نے اپنے تقریر کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ریاست کا اگلا وزیر اعلی بھاجپا سے ہوگا ۔ اسی طرح گریٹر حیدرآباد کارپوریشن کا مئیر بھی بھاجپا کا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں کانگریس کے قدم ڈگمگا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ کارپوریشن انتخابات میں مجلس کا صفایا یقینی ہے ۔ انہوں نے کارکنوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دیہی مجالس مقامی ، سرپنچوں ، شہری بلدیات پر قبضہ جمانے کیلئے آپسی اتحاد کو فروغ دیں ۔ میدک ضلع پربند ، ضلع کی بلدیات پر زعفرانی پرچم کا لہرنا یقینی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کانگریس صرف تین ریاستوں میں فعال ہے۔ جبکہ بھاجپا ملک بھر میں طاقتور بن چکی ہے ۔ نریندر مودی کی قیادت میں ملک ترقی کیطرف گامزن ہے ۔ مسٹر رگھونندن راؤ نے ملک میں وقف ترمیمی بل کی کامیابی پر اپنی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وقف ترمیمی بل ایکٹ سے غریب مستحقین مسلمانوں کا فائدہ ہوگا ۔ اس موقع پر سابق صدر بی جے پی مسٹر گڈم سرینواس ، گڈم کاشی ناتھ ، لکشمی نرسنگ راؤ ، نائنی پرساد، ست نارائن ، رنجیت ریڈی کے علاوہ بھاجپا کاکرکنوں کی بڑی تعداد شریک تھی ۔