میدک، 4؍ جنوری(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ضلع کلکٹر راہول راج نے اعلان کیا ہے کہ پیر کے دن منعقد ہونے والی عوامی شکایات سماعت (پراجاوانی) اب صرف ضلع ہیڈکوارٹر کے کلکٹریٹ دفتر تک محدود نہیں رہے گی بلکہ ضلع کے تمام منڈل سطح پر تحصیلدار اور ایم پی ڈی او دفاتر میں بھی باضابطہ طور پر منعقد کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پراجاوانی کا مقصد یہی ہے کہ عوام کو براہِ راست اعلیٰ حکام تک رسائی حاصل ہو، ان کے مسائل کو توجہ سے سنا جائے اور فوری طور پر حل کی راہیں تجویز کی جائیں۔ ضلع کلکٹر نے ایک منفرد اور عوام دوست اقدام کے تحت یہ فیصلہ کیا ہے کہ ضلع مرکز کے ساتھ ساتھ مقامی منڈل تحصیل، ایم پی ڈی او اور آر ڈی او دفاتر میں بھی پیر کے دن پراجاوانی منظم انداز میں منعقد کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس پیر کو وہ خود ریگوڈو منڈل ہیڈکوارٹر میں موجود رہیں گے۔ ضلع کلکٹر نے بتایا کہ اس اقدام کا مقصد عوام اور سرکاری دفاتر کے درمیان فاصلے کو کم کرنا، شہریوں کا قیمتی وقت بچانا اور غیر ضروری سفری اخراجات سے انہیں محفوظ رکھنا ہے۔ اس منصوبے کو کامیاب بنانے کے لیے وہ ہر ہفتہ مختلف منڈل مراکز میں خود شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیر سے متعلقہ منڈل مراکز کے عوام تحصیلدار اور ایم پی ڈی او دفاتر میں اپنی شکایات اور مسائل حکام کے سامنے پیش کرسکتے ہیں۔ ضلع کلکٹر راہول راج نے ہفتہ کے دن جاری کردہ ایک پریس نوٹ میں عوام سے اپیل کی کہ وہ اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور اپنے مسائل کے حل کے لیے اس سہولت سے استفادہ کریں۔
