غیر زرعی اراضی کی تفصیلات بھی جمع کی جارہی ہے، چیف سکریٹری کی ویڈیو کانفرنس میں ضلع کلکٹر کا انکشاف
نارائن پیٹ ۔ 17 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاست تلنگانہ کے چیف سکریٹری شریمتی شانتا کماری نے ہدایت کی ہے کہ آنکھوں کی روشنی پروگرام میں شناخت شدہ افراد کے چشموں کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ چیف سکریٹری نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ تلنگانہ کے لئے آنکھوں کی روشنی، ڈبل بیڈروم اور ہریتا ہرم کے متعلق اضلاع کے کلکٹروں کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے ریاست میں جاری مذکورہ پروگراموں پر اطمینان ظاہر کیا۔ نارائن پیٹ ضلع کلکٹر مسٹر کویاسری ہرشا نے اس پروگرام میں حصہ لیتے ہوئے چیف سکریٹری کویتا یاکر نارائن پیٹ ضلع میں آنکھوں کی روشنی کا پروگرام کامیابی سے چل رہا ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ اب تک ضلع میں 57128 لوگوں کی جانچ کی گئی ہے اور اب تک 751 افراد کو ان کے نمبر کے چشمے پہنچائے جاچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جی او 58 اور 59 کے ذریعہ سرکاری اراضی پر غیر مجاز قبضہ کرکے گھر تعمیر کرنے والے اہل افراد کو ڈگری سرٹیفکیٹ دینے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ پروفارما ۔ 1 کے مطابق میونسپلٹی اور گرام پنچایتوں میں سکھم، گرام کنتھم وغیرہ جیسی اراضی کی غیر زرعی جائیدادوں کی تفصیلات بھی جمع کی جارہی ہیں۔ اس ویڈیو کانفرنس میں اڈیشنل کلکٹر میانک متل، آر ڈی او رام چندر نائک، ڈسٹرکٹ میڈیکل آفیسر رام منوہر کے علاوہ محکمہ جنگلات کے افسران نے شرکت کی۔