نرمل :۔تلنگانہ کانگریس صدر کی حیثیت سے ریونت ریڈی نے جائزہ حاصل کرنے کے بعد پارٹی کیڈر میں زبردست جوش و خروش دیکھنے میں آیا ہے ۔ انہوں نے اپنی ذمہ داری سنبھالنے سے قبل جو سیاسی طاقت کا مظاہرہ کیا وہ ایک مثالی رہا جبکہ 7 جولائی کو اس تقریب میں شرکت کیلئے انچارج تلنگانہ کانگریس مسٹر مانیکم ٹیگور ایم پی کی آمد کے موقع پر نرمل ضلع سے تعلق رکھنے والے ایک انکم ٹیکس عہدیدار مسٹر پرکاش راٹھوڑ نے ایرپورٹ پر ان کا خیرمقدم کیا جس کے ہمراہ سابق رکن پارلیمنٹ مدھویاشکی بھی موجود تھے ۔ واضح رہے کہ مسٹر پرکاش راٹھوڑ جو اس وقت انتہائی اہم عہدہ انکم ٹیکس آفیسر ہیں اور کئی برسوں سے اس ضلع میں فلاحی خدمات کے ذریعہ تمام مذاہب میں اپنی ایک منفرد پہچان رکھتے ہیں جبکہ ان کی ملازمت حیدرآباد میں ہے تاہم ہر ماہ وہ وقت نکال کر ضلع نرمل اور متحدہ ضلع عادل آباد کے کئی مقامات پر غریب عوام کی مدد ، غریب بچوں کے اسکول کیلئے بھی فیس ادا کرتے ہیں ۔ گزشتہ ماہ ایک ملاقتا میں انہوں نے کہا کہ میں نے غریبی کو بہت قریب سے دیکھا ہے ۔ غریب کے درد کو محسوس کرتا ہوں اس لئے مستقبل میں سیاسی پلیٹ فارم کے ذریعہ عوامی خدمت کا منصوبہ ہے کیونکہ تمام طبقات کیلئے کچھ کام کرسکوں بہت لوگ ایسے ہیں جو گھٹ گھٹ کر رہے ہیں سماج کے خوف سے اپنی پریشانی کا اظہار نہیں کرتے ویسے کسی نے بھی خوشی کو چھوکر نہیں دیکھا ۔ غم کو مسل کر نہیں دیکھا یہ دو چیزیں محسوس کرنے کی ہیں ۔ مختصر یہ کہ مسٹر پرکاش راٹھوڑ قبائیلی طبقہ سے تعلق رکھتے ہیں اور ضلع عادل آباد کی پارلیمانی نشست قبائیلی طبقہ کیلئے محفوظ ہے ۔ مسٹر پرکاش راٹھوڑ ذہنی طور پر تیار ہوچکے ہیں کہ وہ آئندہ پارلیمانی انتخابات میں کانگریس سے انتخاب لڑنے کا ارادہ رکھتے ہیں کل کی ان جانب سے مانیکم ٹیگور کا ایرپورٹ پر خیرمقدم اس بات کی طرف اشارہ کرتا ہے ۔