ضلع نرمل کے دو اسمبلی حلقوں پر بی جے پی کا قبضہ

   

Ferty9 Clinic

ایک حلقہ خانہ پور میں کانگریس کامیاب، ضلع میں بی آر ایس کو شدید دھکہ

نرمل ۔ 3 ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آج ریاست تلنگانہ کے انتخابی نتائج کے موقع پر جہاں سڑکیں سنسان دیکھی گئی وہیں نتائج کے بعد کامیاب امیدواروں کے کارکنوں و پارٹی کارکنوں میں جشن کا ماحول ہے۔ ضلع نرمل جو تین اسمبلی حلقوں پر مشتمل ہے جہاں کل تک تین اسمبلی حلقوں پر بھی بی آر ایس کا قبضہ تھا آج کے حیران کن انتخابی نتائج سامنے آئے ہیں۔ حلقہ اسمبلی نرمل اور حلقہ اسمبلی مدہول میں کنول کا پھول کھل گیا ہے اور حلقہ اسمبلی خانہ پور سے کانگریس کے امیدوار نے اپنی کامیابی درج کروائی۔ واضح رہے کہ حلقہ اسمبلی نرمل سے الٹی مہیشور ریڈی نے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے نرمل کی تاریخ میں آزادی کے بعد پہلی مرتبہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے ٹکٹ پر کامیاب ہوتے ہوئے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے جبکہ حلقہ اسمبلی مدہول سے راما راؤ پٹیل نے بھی شاندار کامیابی کے ذریعہ کنول کا پھول اس علاقہ میں کھلوادیا ہے۔ یہاں یہ بتانا بے محل نہ ہوگا کہ مہیشور ریڈی اور نارائن راؤ پٹیل نے اس سال کانگریس سے مستعفی ہوتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی۔ ویسے راما راؤ پٹیل سابق صدر ضلع کانگریس نرمل تھے اور الٹی مہیشور ریڈی 2009 میں پرجا راجیم پارٹی سے حلقہ اسمبلی نرمل سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے جو بعد ازاں کانگریس میں انضمام عمل میں آیا تھا۔ کانگریس سے منتخب خانہ پور حلقہ اسمبلی کے کامیاب امیدوار وی بھوجومیدان سیاست میں نیا چہرہ ہیں۔ انہوں نے بہت کم وقت میں مقبولیت حاصل کرتے ہوئے رکن اسمبلی کانگریس سے منتخب ہوگئے۔ ساری ریاست میں متحدہ ضلع عادل آباد میں بھارتیہ جنتا پارٹی نے چار اسمبلی حلقوں پر قبضہ کرتے ہوئے شاندار کامیابی حاصل کی جس میں نرمل، مدہول، عادل آباد، سرپور شامل ہیں جبکہ پڑوسی ضلع نظام آباد سے بھارتیہ جنتا پارٹی نے نظام آباد اربن اور کاماریڈی حلقہ اسمبلی سے جہاں دونوں جماعتوں کے قد آور قائدین کے چندرا شیکھر راؤ اور ریونت ریڈی سے سہ رخی مقابلہ کے باوجود بھارتیہ جنتا پارٹی نے اپنی کامیابی درج کروائی ہے۔ نرمل ضلع سے تمام تین اسمبلی حلقوں میں بی آر ایس کو بھاری نقصان ہوا ہے۔ دیر سے موصولہ اطلاع کے مطابق ضلع نظام آباد کے حلقہ اسمبلی آرمور سے بھی بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدوار نے شاندار کامیابی حاصل کی ۔ اس طرح متحدہ ضلع عادل آباد اور پڑوسی ضلع نظام آباد میں بھارتیہ جنتا پارٹی نے جملہ 7 اسمبلی حلقوں پر کامیابی درج کروائی ہے۔