لاپرواہی کی وجہ تیزی کے ساتھ وائرس کی دوسرے افراد میں منتقلی ، احتیاط ضروری
نظام آباد : ضلع نظام آباد میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے ۔ متاثرین کی تعداد میں تشویشناک اضافہ ہوا ہے ۔ کل ایک ہی دن میں کورونا کے 448 پازیٹیو کیس درج کئے گئے ۔ کورونا سے اموات نہ ہونے پر لاپرواہی کے بجائے احتیاط کی ضرورت ہے ۔ متاثرین احتیاط نہ کرنے کی وجہ سے یہ وائرس دوسرے لوگوں میں منتقل ہورہا ہے ۔ کورونا وائرس پھیلنے کے خطرہ کو مد نظر رکھتے ہوئے حکومت کی جانب سے احتیاطی طور پر تعلیمی اداروں کو بند کردیا گیا ہے لیکن عوامی مقامات پر احتیاط نہ کرنے کے باوجو د کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ہے ۔ محکمہ صحت عامہ ضلع نظام آباد کی جانب سے کل جاری کردہ اعداد و شمار میں کورونا متاثرین کی تعداد 448 بتائی گئی جو گذشتہ 6ماہ کے دوران سب سے زیادہ ہے ۔ سارے ضلع میں کل 1,510 افراد کا معائنہ کیا گیا جن میں 448 پازیٹیو پائے گئے ۔ ضلع سرکاری دواخانہ میں کئے گئے معائنہ میں 14 افراد ونائیک نگر پبلک ہیلت سنٹر میں کئے گئے معائنہ میں 33 افراد ، سیتارام نگر کالونی پبلک ہیلت سنٹر میں 25افراد، چندر شیکھر کالونی میں 31 افراد اور مالاپلی پبلک ہیلت سنٹر میں کئے گئے معائنہ میں 22 افراد کورونا سے متاثر پائے گئے ہیں ۔ محکمہ صحت عامہ کے عہدیداروں نے بتایا کہ کل ضلع میں 18 سال سے زائد عمر والے 2184 افراد کو ٹیکہ اندازی کی گئی ۔ کورونا کی روک تھام کیلئے ٹیکہ اندازی کی جارہی ہے لیکن متاثرین کی تعداد بھی بڑھتی جارہی ہے ۔