ضلع نظام آباد میں مسلم قبرستان و عید گاہ اراضی کا مسئلہ حل طلب

   

مسلمانوں کا سماجی بائیکاٹ، کاروبار منقطع، مسلم و ٹی آر ایس قیادت کا افسوسناک پہلو

نظام آباد :6؍ جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ضلع نظام آباد کے بالکنڈہ حلقہ کے ویلپور منڈل مستقر پر واقع مسلم قبرستان و عیدگاہ کی اراضی کو لیکر گذشتہ چار ماہ سے ویلپور کے مسلمانوں کے ساتھ ہراساں کا سلسلہ جاری ہے اور تین روز سے مسلمانوں کا سماجی بائیکاٹ کرتے ہوئے مسلمانوں کے ساتھ کاروبار کو مکمل طور پر منقطع کردیا اور ان سے بات چیت بھی نہیں کی جارہی ہے ۔ مسلمانوں کے ساتھ کئے گئے سماجی بائیکاٹ کیخلاف کل ایک وفد نے عبدالنعیم صدر ویلپور کمیٹی نے نظام آباد پہنچ کر ضلع کلکٹر مسٹر نارائن ریڈی ، پولیس کمشنر کارتیکیا سے نمائندگی کرتے ہوئے ان کے ساتھ کئے گئے سماجی بائیکاٹ کو فوری برخواست کرنے اور ولیج ڈیولپمنٹ کمیٹی کے ہراساں کو بند کرنے کی خواہش کی واضح رہے کہ ضلع نظام آباد کے ویلپور منڈل مستقر پر قبرستان کی چار ایکر 12 گنٹہ قیمتی وقف اراضی ہے اور اس اراضی کا سروے نمبر 1299/1,1299/2,1299/3 وقف گزٹ نمبر 45A،7؍ نومبر 2002 کے تحت جملہ 4 ایکر 12 گنٹہ مسلم قبرستان ، عاشور خانہ و عیدگاہ درج وقف ہے اور وقف بورڈ کے عہدیدار او ایس ڈی قاسم ، انسپکٹر ساجد نے قبرستان کے اراضی کا سروے کرتے ہوئے رپورٹ بھی پیش کی تھی اور چھ ماہ سے یہ مسئلہ مسلسل جاری ہے ۔ چھ ماہ قبل بھی مسلمانوں کا سماجی بائیکاٹ ولیج کمیٹی کی جانب سے کیا گیا تھا اور اس وقت کئے گئے احتجاج کے بعد اسے برخواست کردیا گیا تھا لیکن ولیج ڈیولپمنٹ کمیٹی قبرستان سے مندر کو راستہ فراہم کرنا چاہتی ہے اور مسلمان قبرستان میں سے راستہ دینے سے گریز کررہی ہے جس کی بناء پر انہیں وقفہ وقفہ سے ہراساں کیا جارہا ہے ویلپور وزیر عمارات و شوارع و قانون مقننہ مسٹر پرشانت ریڈی کا آبائی وطن ہے لیکن اس کے باوجود بھی مسلمانوں کے ساتھ نا انصافی کا سلسلہ جاری ہے اور ان کی خاموشی معنی خیز ہے۔ پولیس نے اس خصوص میں قبل از بھی کارروائی کرتے ہوئے سماجی بائیکاٹ کو برخواست کروایا تھا ۔ اس کے باوجود بھی ولیج ڈیولپمنٹ کمیٹی دوبارہ سماجی بائیکاٹ کرتے ہوئے مسلمانوں کے ساتھ بات چیت بند کردی ہے اور کاروبار کو بھی بند کردیا ہے جس سے مسلمانوں میں خوف و ہراساں کا ماحول پیدا ہوا ہے۔ اس مسئلہ کو فوری حل کرتے ہوئے مسلمانوں پر عائد کردہ سماجی بائیکاٹ کو ختم کرنے کا پرُ زور مطالبہ کیا جارہا ہے۔