ضلع نظام آباد کے 2افرادکورونا مثبت ہونے پر حیدرآباد منتقل

   

ایک شخص خلیجی ملک مسقط اوردوسرا مہاراشٹرا سے آمد پر ٹسٹوں کے نتائج

نظام آباد :22؍ مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع نظام آباد سے تعلق رکھنے والے دو افراد کو کورونا پازیٹیو ظاہر ہونے پر انہیں فوری کنگ کوٹھی ہاسپٹل اور گاندھی ہاسپٹل منتقل کیا ۔ تفصیلات کے بموجب ضلع نظام آباد سے تعلق رکھنے والے ایک شخص خلیج میں مقیم تھا اور یہ خلیج کے مسقط سے حیدرآباد ایر پورٹ پہنچنے پر ایر پورٹ پر اس کا طبی معائنہ کیا گیا جس پر اسے کرونا پازیٹیو ظاہر ہونے پر فوری کنگ کوٹھی ہاسپٹل منتقل کیا گیا ۔ اسی طرح مہاجر مزدور جس کا تعلق نظام آباد ضلع کے اندلوائی منڈل کے نلا ویلی سے ہے یہ حال ہی میں مہاراشٹرا سے نظام آباد کے نلا ویلی آیا ہوا تھا اسے بھی نظام آباد سرکاری دواخانہ میں اس کا خون کا معائنہ کرنے پر اسے بھی پازیٹیو ظاہر ہونے پر فوری گاندھی ہاسپٹل منتقل کیا گیا تھا ۔ واضح رہے کہ گذشتہ ایک ماہ سے زائد عرصہ سے نظام آباد میں کوئی بھی مثبت کیس ظاہر نہیں ہوا تھا جس کی وجہ سے ضلع انتظامیہ اور عوام نے چین کی سانس لی تھی لیکن اچانک مہاجر مزدور اور خلیج سے وطن واپس آنے والے افراد میں کورونا پازیٹیو ظاہر ہونے پر ہلچل پیدا ہوگئی ضلع میں کورونا کی وجہ سے ریڈ زون قرار دیا گیا تھا اور حال ہی میں گرین زون میں تبدیل کیا گیا تھا لیکن دوبارہ کورونا کے کیسس پائے جانے کی وجہ سے عہدیداروں میں ہلچل پیدا ہوگئی۔ عہدیداروں نے دو ماہ سے کورونا کیخلاف جدوجہد کرتے ہوئے عوام کے تحفظ کیلئے اقدامات کیا تھا اور عوام بھی عہدیداروں کے ساتھ تعاون کیا تھا اور ایک ماہ سے زائد عرصہ سے کوئی بھی مثبت کیس ظاہر نہ ہونے پر مسرت کا اظہار کیا جارہا تھا اور نظام آباد ضلع کو کورونا سے پاک ضلع قرار دیا جارہا تھا لیکن اچانک دو کیسس سامنے آنے کی وجہ سے دوبارہ ہلچل پیدا ہوگئی اور نظام آباد ضلع کو دیگر مقامات سے مزدوروں کا آبائی مقام کو آنے کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک 4303 مزدور مختلف مقامات سے اپنے اپنے آبائی مقامات کو پہنچ چکے ہیں اور ان تمام مزدوروں کا طبی معائنہ بھی کیا جارہا ہے ۔اور ان پر آشا ورکرس نظر رکھے ہوئے ہیں کئی افراد کو سرکاری دواخانہ میں بھی معائنہ کئے گئے اور انہیں ہوم کوارنٹائن رہنے کی ہدایت دی جارہی ہے ۔ ڈچپلی منڈل کے قلعہ ڈچپلی سے موضع سے تعلق رکھنے والے ایک شخص بمبئی سے یہاں پہنچنے پر اس کا بھی معائنہ کیا گیا اور اسے ہوم کوارنٹائن رہنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ نظام آباد میں جو مثبت کیسس ظاہر ہوئے تھے یہ تمام دینی مرکز سے الزام لگایا گیا تھا لیکن اب جبکہ جو کیسس سامنے آرہے ہیں اس سے بھی تشویش پائی جارہی ہے ۔