ضلع نظام آباد میں کورونا وائرس کی دن بہ دن شدت میں اضافہ

   

کارپوریٹرس سے ملاقات ، ریڈ زون علاقوں میں ضلع کلکٹر، پولیس کمشنر، میونسپل کمشنر و دیگر کا دورہ

نظام آباد :12؍ اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع نظام آباد میں کورونا وائرس کی وباء دن بہ دن شدت اختیار کرتی جارہی ہے حیدرآباد کے بعد نظام آباد میں وباء شدت میں اضافہ ہوتا جارہا ہے اور ضلع میں اب تک 49 کیسس کی نشاندہی کی گئی اور سینکڑوں افراد کو کوارنٹائن اور ہوم کوارنٹائن کیا گیا ہے ۔ کورونا وائرس کی وباء میں شدت اختیار کرنے کے بعد شہر نظام آباد کے احمد پورہ کالونی ، قلعہ روڈ ، مالاپلی ، آٹو نگر ، حبیب نگر کے علاوہ ضلع کے ماکلور ، بھیمگل ، نندی پیٹ ، بودھن ، رنجل ، بالکنڈہ علاقوں کو ریڈ زون قرار دیتے ہوئے کنٹیمنٹ کردیا گیا تھا ۔ بالخصوص نظام آباد شہر کے جن علاقوں کو کنٹیمنٹ کیا گیا ہے ان تمام علاقوں کی ناکہ بندی کرتے ہوئے پولیس فورس کو تعینات کردیا گیا ہے ۔ ریڈ زون کے علاقوں کا آج ضلع کلکٹر نارائن ریڈی ، پولیس کمشنر مسٹر کارتیکیا ، میونسپل کمشنر جتیش وی پاٹل کے علاوہ دیگر عہدیداروں کے ہمراہ ان علاقوں کا دورہ کیا اور ریڈ زون میں لاک ڈائون کی عمل آوری اور پولیس کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا ۔ ضلع کلکٹر مسٹر نارائن ریڈی ، پولیس کمشنر مسٹر کارتیکیا نے آج کارپوریٹرس و قائدین سے ملاقات کی اس موقع پر سینئر قائد کارپوریٹر رفعت محمد خان ، مجلس صدر ایم اے فہیم ،کارپوریٹرس ریاض ، ذکی الدین ، ہارون ، نصیر ، سمیر ، ماجد صدیقی کے علاوہ دیگر قائدین نے پولیس کمشنر و ضلع کلکٹر سے قلعہ روڈ پر بات چیت کی اور انہیں واقف کراتے ہوئے کہا کہ ریڈ زون کے علاقہ میں پولیس کی جانب سے نافذ کردہ پابندیوں پر عمل کیا جارہا ہے عوام گھروں تک محدود ہے لیکن درمیانی متوسط طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد کو انتہائی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور انہیں چھوٹی چھوٹی چیزیں حاصل کرنا مشکل ہورہا ہے ۔ حکومت کی جانب سے آن لائن پر حاصل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے لیکن 10 تا 20 روپئے کی چیز کو آن لائن پر خریدنا مشکل ہورہا ہے لہذا چھوٹے چھوٹے دکانات کو کھلے رکھنے کی خواہش کرنے پر ضلع کلکٹر نارائن ریڈی ، پولیس کمشنر نے ان کی اپیل پر کہا کہ ایک ہفتہ تک انتہائی سنگین حالات ہے اور وباء شدت کے ساتھ پھیل رہی ہے اگر لاک ڈائون پر عمل نہیں کیا گیا تو وباء میں اور بھی شدت پیدا ہوجائے گی اور ان علاقوں میں کنٹرول کرنا مشکل ہوگا جس کی وجہ سے عوام حالات کو سمجھتے ہوئے ایک ہفتہ تک مشکلوں کا سامنا کریں لیکن وباء کو پھیلنے نہ دیں ۔ وباء پھیلنے کی صورت میں شہر کیلئے نقصاندہ ثابت ہوسکتا ہے اور ہم سب کو مشکلات سے گذرنا پڑیگا۔ لہذا اس بات کو محسوس کرتے ہوئے عوام ضرورت زندگی کے سامان کو آن لائن کے ذریعہ یا فون کے ذریعہ خریدیں ۔ حکومت اور میونسپل کارپوریشن کی جانب سے دکانات کے پتہ اور فون نمبر گھر گھر پمفلٹ تقسیم کی ہے لہذا ان نمبرات پر فون کرتے ہوئے اپنا سامان حاصل کریں ۔ رفعت محمد خان ، ایم اے فہیم و دیگر نے آج ماکلور کورانٹائن سنٹر کا بھی معائنہ کیا اور یہاں پر موجودہ افراد سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں کھانا و دیگر اشیاء کو فراہم کیا اور رپورٹس منفی آنے کی صورت میں انہیں یہاں سے گھر بھیجا یاجائیگا۔ جن افراد کے رپورٹس نگیٹیو آئے ہیں انہیں مزید 14 دن تک ہوم کوارنٹائن کیا جارہا ہے اور ہوم کوارنٹائن رہنے والے افراد گھروں سے باہر نہ نکلیں ان کیلئے آشا ورکرس ہر روز یہاں پہنچ کر ان کی صحت کے بارے میں دریافت کررہے ہیں۔ شہر میں کرفیو پر بھی سختی کے ساتھ عمل کیا جارہا ہے شہر کے تمام علاقوں میں کرفیو کا ماحول نظر آرہا ہے اور مختلف مقامات پر پولیس کے دستے تعینات ہے۔