حیدرآباد۔/6 مارچ، ( سیاست نیوز) ضلع نلگنڈہ میں پیش آئے بھیانک سڑک حادثہ میں 8 افراد ہلاک اور 12 شدید زخمی ہوگئے ۔ تین زخمیوں کی حالت شدید تشویشناک ہونے پر حیدرآباد منتقل کردیا گیا۔ تفصیلات کے بموجب حیدرآباد سے ملے پلی منڈل کی سمت آنے والا تیز رفتار آٹو ٹاٹا ایس جس میں15 افراد سوار تھے ملے پلی منڈل کے موضع چینا رام گیٹ کے قریب آٹو کے سامنے والے حصہ کا ٹائر پنکچر ہوکر پھوٹ گیا تیز رفتار ہونے کی وجہ آٹو بے قابو ہوکر دیور کنڈہ سے حیدرآباد جانے والی آر ٹی سی بس کو سامنے سے ٹکر دے دی جس کے نتیجہ میں آٹو میں سوار 7 افراد برسر موقع ہلاک ہوگئے۔ شدید زخمیوں کو حیدرآباد منتقلی کے دوران ایک اور شخص جانبر نہ ہوسکا۔ مہلوکین کی 27سالہ بی گوردھن ساکن ملاریڈی پلی چینتا پلی منڈل، 25 سالہ اے وینکٹیشورلو چینتا پلی، 40 سالہ سی راملماں سرواپلی چینتا پلی منڈل، اے سریناتھ حیدرآباد اور آٹو ڈرائیور مہیش کی حیثیت سے شناخت کی گئی۔ مابقی تین مہلوکین کی تاحال شناخت نہ ہوسکی۔