محکمہ ٹیکسٹائیل کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس کے بعد کے ٹی آر کا اعلان
حیدرآباد : ۔ ریاستی وزیر آئی ٹی و صنعت کے ٹی آر نے ضلع ورنگل کے کوڈکنڈلہ میں منی ٹیکسٹائیل پارک قائم کرنے کا اعلان کیا ۔ ضلع ورنگل کی نمائندگی کرنے والے ریاستی وزیر ای دیاکر راؤ کی نمائندگی پر چیف منسٹر کے سی آر نے منی ٹیکسٹائیل پارک قائم کرنے کی ہدایت دی ۔ وزیر کے ٹی آر نے آج پرگتی بھون میں محکمہ ٹیکسٹائیل کے اعلیٰ عہدیداروں کا اجلاس طلب کرتے ہوئے یہ فیصلہ کیا ۔ اس موقع پر وزیر ای دیاکر راؤ کے ساتھ محکمہ ٹیکسٹائیل کے اعلیٰ عہدیدار بھی موجود تھے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ مکمل صلاحیتیں رکھنے والے بافندے ریاست میں مناسب روزگار نہ ملنے کی وجہ سے روزگار کی تلاش میں دوسرے ریاستوں کا رخ کرچکے ہیں ۔ ٹی آر ایس حکومت ٹیکسٹائیل شعبہ کو کافی اہمیت دے رہی ہے ۔ وہ دوبارہ اپنی ریاست پہونچنے کے لیے تیار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاور لوم مزدوروں کو راحت فراہم کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے اس مرتبہ بھی بتکماں ساڑیاں تیار کرارہی ہے ۔ ماضی میں جس طرح سے بافندوں کی حوصلہ افزائی کی گئی اس کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا ۔ حکومت کی اس پہل سے کورونا کا جو اثر پڑا ہے بافندوں کو اس سے باہر نکلنے میں بڑی مدد ملے گی ۔ حکومت کی جانب سے بافندوں کے فلاح و بہبود کے لیے جو اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ بالخصوص مقررہ وقت سے قبل اپنی بچت اور حکومت کی کنٹریبویشن ایک ساتھ واپس لینے سے جو استثنیٰ دیا گیا ہے اس سے تقریبا 25 ہمار بافندوں کے خاندانوں کو 95 کروڑ روپئے فراہم ہوئے ہیں ۔ بافندے اس پروگرام کو برقرار رکھنے کی حکومت سے اپیل کررہے ہیں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ وہ اس مسئلہ کو حکومت سے رجوع کریں گے ۔ اس سال بجٹ میں بافندوں اور شعبہ ٹیکسٹائیل کیلئے خصوصی اہمیت دینے کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ عہدیداروں کو جلد از جلد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ۔ منی ٹیکسٹائیل پارک کے قیام سے تقریبا 20 ہزار بافندے خاندانوں کو فائدہ حاصل ہوگا۔۔