ضلع ورنگل کے نرسا پلی موضع میں شیر کی موجودگی

   

عوام میں خوف ، محکمہ جنگلات و پولیس کے عہدیدار چوکس
حیدرآباد ۔ 28 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز) : ریاست تلنگانہ کے ورنگل ضلع میں واقع نالہ بیلی منڈل کے نرسا پلی گاؤں میں شیر نظر آنے سے عوام میں خوف پھیل گیا ہے ۔ اطلاعات کے مطابق ایک خاتون نے مکئی کے کھیت میں شیر کو دیکھا اور گاؤں والوں کو اس کی اطلاع دی ۔ شیر کی موجودگی کی خبر سن کر کسان کھیت چھوڑ کر چلے گئے ۔ آصف آباد ضلع میں بھی شیر کی نقل و حرکت سے دیہاتیوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ۔ جنگلات اور پولیس حکام نے گاوں پہنچ کر تلاشی مہم شروع کی ۔ جمعہ کو ورنگل اور محبوب آباد اضلاع میں دو شیروں کے ہونے کا پتہ چلا ہے ۔ فاریسٹ رینج آفیسر نرسم پیٹ روی کرن کی قیادت میں افسران کی ایک ٹیم نے جمعہ کو نالہ بیلی منڈل کے کونڈا پورم اور ردرا گڈیم گاوں میں شیر کے پیر کے نشانات کا پتہ چلا ۔ ردرا گڈیم گاوں کے ایک کسان نے جو صبح کے وقت کھیت میں گیا تھا ۔ اس نے شیر کے پیر کے نشانات دیکھے اور اس کی اطلاع جنگل کے اہلکاروں کو دی ۔ روی کرن نے کہا کہ پیر کے نشانات کی بنیاد پر اس کی شناخت کی گئی کہ ایک 10 سالہ نر شیر ردرا گڈیم کی طرف آیا تھا ۔ محکمہ جنگلات کے حکام نے بتایا کہ ایک شیر ملگ ضلع کے تاڈوائی جنگلات سے محبوب آباد ضلع کے کتہ گڈہ منڈل کے کنڈہ پورم جنگلات میں آیا تھا ۔ عہدیداروں نے دعویٰ کیا کہ شیر کھیتوں سے کنڈہ پورم سے جنگلاتی علاقہ میں چلا گیا تھا ۔ عہدیداروں نے مختلف مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے ہیں ۔ محکمہ جنگلات کے حکام کا ماننا ہے کہ شیرنی مناسب رہائش کی تلاش میں میدانی علاقے ردرا گڈیم کے مضافاتی علاقے میں آئی تھی ۔۔ ش