ضلع ومنڈل پریشد ‘ 2اور سرپنچ انتخابات3مرحلوں پرمشتمل

   

سدی پیٹ کلکٹریٹ میںتربیتی اجلاس ۔ضلع کلکٹروالیکشن آفیسرکا خطاب

سدی پیٹ۔یکم اکتوبر(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ضلعی کلکٹر و ضلعی انتخابی افسر کے۔ ہیماواتی کی نگرانی میں مقامی ادارہ جات کے انتخابات کے انتظامات کے سلسلے میں بدھ کے روز یکجا ضلع کلکٹریٹ کے کانفرنس ہال میں ایف ایس ٹی، ایس ایس ٹی اور ایم سی سی ٹیموں کو تربیتی اجلاس منعقد کیا گیا۔اس موقع پر کلکٹر و ضلعی انتخابی افسر نے کہا کہ 29 ستمبر سے انتخابی نتائج کے اعلان کے بعد ریاستی الیکشن کمیشن کی طرف سے انتخابی ضابطہ (کوڈ آف کنڈکٹ) کے خاتمے کا اعلان ہونے تک ضابطہ نافذ رہے گا۔ انہوں نے بتایا کہ شیڈول کے مطابق زیڈ پی ٹی سی اور ایم پی ٹی سی انتخابات دو مرحلوں میں اور سرپنچ انتخابات تین مرحلوں میں منعقد ہوں گے۔کلکٹر نے ہدایت دی کہ انتخابات پرامن طور پر کرانے کے لئے تمام نگران ٹیمیں بخوبی آگاہ رہیں کہ کیا کرنا ہے اور کیا نہیں کرنا ہے۔ ووٹروں کو اپنے حق رائے دہی کے استعمال میں کسی قسم کی رکاوٹ یا ضابطہ کی خلاف ورزی نہ ہونے پائے۔ اسی مقصد کے لئے ایم سی سی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں تاکہ ووٹروں پرامن ماحول میں اپنا ووٹ ڈال سکیں۔انہوں نے کہا کہ امیدواروں کے لئے یکساں ضابطے نافذ ہیں اور سب کو برابر مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ کسی کو بھی خلاف ورزی کرتے ہوئے ووٹروں کو ورغلانے یا خوف زدہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ضلعی کلکٹر نے کہا کہ انتخابات کے مکمل ہونے تک کسی بھی ناخوشگوار واقعہ یا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہ ہو، اس کے لئے نگران ٹیمیں چوکس رہیں۔کلکٹر نے مزید کہا کہ اسٹاٹک سرویلنس ٹیموں کے پاس سی سی کیمروں کے ساتھ ویڈیو اور ہینڈ کیمرے فراہم کیے گئے ہیں تاکہ مکمل نگرانی کی جاسکے۔ نگران ٹیموں کی کارکردگی پر کوئی شکایت نہ آئے اس کا خاص خیال رکھا جائے۔ عوام کو اس بات کی وضاحت کی گئی کہ ہنگامی ضرورت کے تحت لی جانے والی نقد رقم کو ضبط کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، البتہ جو شخص 50 ہزار روپے سے زیادہ رقم اپنے ساتھ لے جا رہا ہو تو اس کے پاس درست دستاویزات ہونا ضروری ہے، بصورت دیگر وہ رقم ضبط کرلی جائے گی۔اسی طرح بینکوں کو فراہم کی جانے والی رقوم پر بھی خاص نگرانی رکھی جائے تاکہ اجازت سے زائد کیش کی ترسیل نہ ہو۔ الکحل (شراب) کی غیر مجاز سپلائی روکنے کے لئے محکمہ آبکاری کے ساتھ نگران ٹیمیں خصوصی توجہ دیں۔ کسی بھی مسئلہ کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ عہدیداروں کو اطلاع دی جائے۔اس اجلاس میں ضلع ایڈیشنل کلکٹر (لوکل باڈیز) گریما اگروال، ایڈیشنل ڈی سی پی ایڈمن کْشالکر، زیڈ پی سی ای او رمیش، ڈی آر ڈی او جے دیو آریا، ڈی پی او دیوکی دیوی، ایکسائز سپرنٹنڈنٹ سرینواس مورتی و دیگر موجودتھے ۔