پداپلی۔29/مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ضلعی عہدیدار برائے محکمہ اقلیتی بہبود ، پداپلی محمد معراج محمود نے آج اپنے جاری کردہ صحافتی بیان میں اطلاع فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کے غریب مسلم خاندانوں کو رمضان تحفہ کے تحت حکومت کی جانب سے فراہم کئے جانے والے گفٹ پیکس تقسیم کیلئے تیار ہیں۔ رمضان کی عید کے لئے ہمارے ضلع کو 5000 گفٹ پیاکس مختص کئے گئے ہیں۔تفصیلات بیان کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ریاستی حکومت ہر سال رمضان کے موقع پر غریب مسلمانوں میں گفٹس کی شکل میں نئے کپڑے تقسیم کر رہی ہے، تاکہ ہر غریب عید پر نئے کپڑے پہن سکے، اس گفٹ پیکٹ میں حکومت خاندان کے تین افراد کے لیے کپڑے تقسیم کرے گی۔ جس میں کرتا پاجامہ، ساڑی اور ڈریس میٹریل ہوگا، اس کے علاوہ ریاستی حکومت کی جانب سے روزہ دار غریب مسلمانوں کے لیے ایک دن افطارکی دعوت کا انتظام بھی کیا جائے گا۔ پداپلی اسمبلی حلقہ کے لئے 1500 رمضان گفٹ پیاکٹس، منتھنی اسمبلی حلقہ کے لئے 1500 رمضان گفٹ پیاکٹس اور راماگنڈم اسمبلی حلقہ کے لئے 2000 رمضان گفٹ پیاکٹس تقسیم کے لئے موصول ہوئے ہیں۔ ضلع سے ان گفٹ پیاکٹس کو فوری طور پر تحصیلدار کے دفتروں کو روانہ کرتے ہوئے تحصیلدار کے زیر قیادت غریب مسلمانوں میں ان تحائف کو تقسیم کیا جائے گا، اور جلد ہی حکومت کی جانب سے افطار کی دعوت کا بھی انتظام کیا جائے گا۔