عوامی نمائندوں اور عہدیداران میں بہتر تال میل کی ستائش: وزیر کے ایشور
پداپلی۔/6فبروری( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ریاستی وزیر بہبود کے ایشور نے کہا کہ پداپلی ضلع کی ہمہ جہت ترقی کے مد نظر کلکٹرسری دیوا سینا نے قابل تعریف خدمات انجام دی ہیں۔ ریاستی سطح پر آئی اے ایس افسران کے تبادلوں کے پس منظر میں بروز چہار شنبہ پداپلی کلکٹریٹ میٹنگ ہال میں منعقدہ عادل آباد ضلع کلکٹر کی حیثیت سے متبدلہ کلکٹر سری دیوا سینا کی وداعی تقریب اور ضلع کی نئی کلکٹر کی حیثیت سے اپنے عہدے کا جائزہ لینے والی کلکٹر سِکتا پٹنائک کی استقبالیہ تقریب میں وزیر بہبود کے ایشور نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر کلکٹر سری دیواسینا کی تعریف کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ 8 جنوری 2018 میں سری دیوا سینا نے بحیثیت پداپلی ضلع کلکٹر اپنے عہدے کا جائزہ لیا اور گذشتہ دو سال سے ضلع کی جامع ترقی کے پیش نظر متعدد جدید اقدامات کو روبہ عمل لایا۔ کلکٹر کی بہتر قیادت اور ان کی کاوشوں کی وجہ سے ہی سوچھتا امور میں پداپلی ضلع کو قومی سطح پر پہلا مقام حاصل ہوا ہے اور 5 قومی ایوارڈز حاصل ہوئے ہیں جو کہ ملک کے کسی اور ضلع کو حاصل نہیں ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ کالیشورم پراجکٹ کی تعمیر میں بھی کلکٹر نے کلیدی رول ادا کیا ہے۔اس موقع ضلع زیڈ پی چیرمین پوٹا مدھو نے کہا کہ کلکٹر سری دیوا سینا نے عہدیداران اور عوامی نمائندوں کے درمیان آپسی ہم آہنگی پیدا کرتے ہوئے ضلع کو مثالی بنانے اوراس کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا اوران کی کوششوں کے باعث ہی ضلع پداپلی قومی سطح پر سر فہرست ہے۔ انھوں نے خواہش ظاہر کی کہ کلکٹر مستقبل میں بھی اسی طرح عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرتے ہوئے ترقی کریں۔ اس موقع پر پداپلی ایم ایل اے سری داسری منوہر ریڈی نے کہا کہ کلکٹر سری دیوا سینا نے ضلع میں صاف صفائی سے متعلق کافی دلچسپی ظاہر کی اور ضلع کے مواضعات میں سوچھ جمعہ ‘ منا سوچھتا مناگوروم ‘ پنچ سوتروں پر عمل جیسے جدید پروگراموں کو روبہ عمل لایا جس کے نتیجہ میں پداپلی جیسا چھوٹا ضلع آج قومی سطح پر نمایاں مقام حاصل کیا۔ راما گنڈم ایم ایل اے کوروکنٹی چندر نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے ‘ ان کی معاشی حالت کو بہتر بنانے کیلئے کلکٹرنے بہت کوششیں کیں اور ان کی حوصلہ افزائی کے تحت کلکٹر نے بتوکما میس ‘ کپڑے کے تھیلیوں کی تیاری کے مراکز ‘ اپیرل یونٹ جیسے مراکز کا افتتاح کیا۔ اس تقریب میں ضلع کی نئی کلکٹر سِکتا پٹنائک نے اپنے خطاب میں کہا کہ ضلع میں عمل پیرا سوچھتا کے جذبہ کو اسی طرح قائم رکھتے ہوئے عہدیداران اور عوامی نمائندوں کے اشتراک سے ضلع کو مزید ترقی کے راہ پر گامزن کرنے کی پوری کوشش کریں گی اور عوام کے فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دی جائے گی۔ کلکٹر سری دیواسینا نے کہا کہ عوامی نمائندوں اور عہدیداروں کی کاوشوں اور آپسی تعاون کے باعث ہی پداپلی ضلع کو نمایاں مقام حاصل ہوا ہے۔ کلکٹر نے کہا کہ ان کی دو سالہ سروس میں تعاون کردہ پداپلی عوام کی بھی وہ مشکور ہیں جنھوں نے ضلع میں عمل پیرا کئی جدید پروگراموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ بعد ازاں کلکٹر سری دیو سینا کو وزیر بہبود کے ایشور نے شاندار انداز میں تہنیت پیش کی۔ ضلع جوائنٹ کلکٹر وناجا دیوی ‘ پداپلی آرڈی او شنکر کمار ‘ راما گنڈم میونسپل کمشنر اودئے کمار ‘ ضلعی کتب خانہ چیرمین رگھوویر سنگھ ‘ ضلعی عہدیداران ودیگر نے اس تقریب میں شرکت کی۔
