ضلع پریشد اسکول کا کلکٹر نے معائنہ کیا

   

میدک۔ 31 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کلکٹر راہول راج نے طلبہ کی تعلیم اور نتائج کو بہتر بنانے کے لیے والدین کو ہدایت دی کہ وہ بچوں کو روزانہ اسکول بھیجنے کو یقینی بنائیں۔ جمعرات کو ضلع میدک کے پاپناپیٹ منڈل میں واقع ضلع پریشد اسکول کا معائنہ کرتے ہوئے کلکٹر نے کہا کہ دسویں جماعت میں 100 فیصد نتائج کے حصول کے لیے خصوصی کلاسز کے ذریعے تدریس کو بہتر بنانے کے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ کلکٹر نے اس موقع پر دسویں جماعت کے طلبہ سے بالمشافہ ملاقات کی اور ان کے ہر مضمون میں مطالعے کی صلاحیتوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے طلبہ کے اعتماد میں اضافے کے لیے رہنمائی فراہم کی۔کلکٹر نے اساتذہ کو ہدایت دی کہ وہ وقت کی پابندی کریں اور روزانہ اسکول میں حاضری یقینی بنائیں۔ ساتھ ہی والدین سے کہا کہ وہ اپنے بچوں کو روزانہ اسکول بھیجنے کا خاص خیال رکھیں۔ کلکٹر نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ محنت کریں اور دسویں کے امتحانات میں 100 فیصد کامیابی کے ساتھ اعلیٰ نشانات حاصل کریں۔اس موقع پر ضلع پریشد اسکول کے اساتذہ اور دیگر متعلقہ افراد موجود تھے۔