کلاس کے زیادہ تر طلبہ ان کے ٹیچرس کا نام تک نہیں لکھ سکے
حقیقت کی جانچ کی
وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ کو یہ دیکھ کر بڑی حیرت ہوئی کہ طلبہ بنیادی میاتھس کے سوالات بھی نہیں کرسکتے ہیں اور انہیں ٹیبلس یاد نہیں ہیں ۔ جب انہوں نے طلبہ سے ریاستوں اور ان کے صدر مقامات کے بارے میں سوال کئے تو کوئی جواب نہیں ملا ۔
حیدرآباد ۔ /29 ڈسمبر (سیاست نیوز) وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ کل اس وقت حیرت زدہ ہوگئے جب X کلاس کا ایک طالبعلم اس کے ٹیچر کا تک نام نہیں لکھ سکا ۔ وزیر فینانس کو اس وقت مزید حیرت ہوئی جب مختلف موضوعات پر ان کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کا طلبہ جواب نہیں دے پائے ۔ وزیر موصوف نے جو سنگاریڈی ڈسٹرکٹ میں کندی میں ضلع پریشد ہائی اسکول کا دورہ کررہے تھے ۔ بعد میں طلبہ کے معیار تعلیم پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ۔ ہریش راؤ ششدر ہوگئے کیونکہ X کلاس کے زیادہ تر طلبہ تلگو ، انگلش میں نام نہیں لکھ سکے ۔ وزیر موصوف نے کہا کہ طلبہ کو ہم امتحانات کے لئے کس طرح تیار کررہے ہیں جبکہ ہمارا مقصد صدفیصد نتائج حاصل کرنا ہے اور اس وقت ٹیچر سے سوال کیا جب ایک طالب علم کسی بھی زبان میں ٹیچر کا نام نہیں لکھ سکا ۔ انہیں ٹیوشن دینے میں کیا پوائنٹ ہے ۔ وزیر فینانس نے یہ بات اس وقت کہی جب ٹیچر نے انہیں یہ بتانے کی کوشش کی کہ وہ طلبہ کی تدریس کیلئے بہترین خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ وزیر فینانس نے تعجب کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کو کیا پڑھایا جارہا ہے جبکہ وہ آسان میاتھمیٹکس نہیں کرپارہے ہیں اور انہیں ٹیبلس نہیں آرہے ہیں ۔ ایک طالب علم یہ نہیں بتاسکا کہ ایک سال میں کتنے دن ہوتے ہیں ۔ ایک دن میں کتنے سکنڈس ہوتے ہیں ۔ یہ سوال انہوں نے ایک اور طالبعلم سے کیا جس پر وہ خاموش رہا ۔ ہریش راؤ نے جواب کا انتظار کیا لیکن کوئی جواب نہیں دیا گیا ۔ اس کے بعد ہریش راؤ نے طلبہ سے پوچھا کہ آیا انہیں ٹیبلس یاد ہیں تو 13 یا 17 کو تو چھوڑئیے کوئی 12 طلبہ ٹیبل نہیں سناسکے ۔ اس پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے ٹیچرس سے پوچھا کہ کیا آپ صرف 10 تک ہی ٹیبلس سکھاتے ہیں ۔ جب ہریش راؤ نے طلبہ سے ملک کے صدر مقام اور مختلف ریاستوں کے صدر مقامات کے بارے میں پوچھا تو انہیں ایک جواب بھی نہیں ملا کیونکہ طلبہ انہیں دیکھتے رہے اور کوئی جواب نہیں دیا ۔ انہوں نے ٹیچرس کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ یہ طلبہ کہیں اور کس طرح مسابقت کرسکتے ہیں ۔ جب انہیں ان کے مضامین کو بہتر طور نہیں پڑھایا جاتا ہو ۔ طلبہ کے لئے فراہم کئے جانے والے مڈ ڈے میلس کا معائنہ کرنے کے بعد انہوں نے طلبہ سے سوالات کئے سوائے ایک طالب علم کے ، جس کی وزیر فینانس نے تعریف کی اور اسکے صحیح جوابات دینے پر مبارکباد دی ، دوسرے کوئی طالب علم نے صحیح جوابات نہیں دیئے ۔