کاماریڈی10 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کاماریڈی ضلع ایس پی راجیش چندرا نے بتایا کہ قتل کی واردات میں ملوث مجرم کو عمر قید اور 2000 روپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے عدالت کی جانب سے فیصلہ سنایا گیا جرمانہ ادا نہ کرنے پر سزا کاٹنا یقینی ہو گا ۔ضلع ایس پی راجیش چندرا نے ملزم کو سزا دلانے میں اہم کردار ادا کرنے والے افسران کی ضلع ایس پی ایم راجیش چندرا کی جانب سے زبردست ستائش کی ۔ انہوں نے تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے بتایا کہ 13 جولائی 2020 ء کے روز شکایت کنندہ نیراڈی مٹھنا (وی آر او، سداشیو نگر) کی فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر کاماریڈی سے نظام آباد جانے والی قومی شاہراہ 44 سڑک کے کلورٹ کے نیچے ایک نامعلوم مرد کی نعش ملی۔ نعش چہرے سے لے کر سینے تک مکمل طور پر سڑ چکی تھی اور اس کی مشتبہ حالات میں موت واقع ہوئی تھی۔ اس شکایت پر سداشیو نگر پولیس اسٹیشن میں کیس درج کرتے ہوئے تحقیقات شروع کی گئی۔تحقیقات کے دوران متوفی کے اہل خانہ، دیہاتیوں اور دیگر افراد سے پوچھ تاچھ کی گئی لیکن کوئی خاص ثبوت نہ ملنے پر تکنیکی ذرائع اور سی سی فوٹیج کی مدد سے گولکنڈہ روی کمار عرف روی عرف رویندر ولد نرساویا کو مجرم کے طور پر شناخت کر کے گرفتار کیا گیا۔متوفی یادال عرف ماڈال ستیش 10 جولائی 2020 ء کو روی کمار نے فون کر کے ملاقات کی خواہش ظاہر کی تھی۔ دونوں سداشیو نگر میں ملے اور شراب نوشی کی۔ اس دوران ان کے درمیان جھگڑا ہوا۔ مقتول ستیش، اپنی بیوی، بیوی کے رشتہ داروں اور مجرم کو اکثر گالیاں دیا کرتا تھا، جس بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے روی کمار نے ستیش کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا۔اس نے اسے آرمور جانے کے بہانے مارکل ایکس روڈ کی طرف لے گیا۔ کلورٹ کے پاس پہنچ کر مقتول کو نیچے بٹھایا، اور پھر پل سے دھکا دے دیا۔ ستیش نیچے گر کر زخمی ہوا، جس پر روی کمار نیچے اتر کر اس کے سر پر پتھر سے وار کرتے ہوئے اس کا قتل کر دیا۔اس واقعہ میں گواہوں سے پوچھ تاچھ کی گئی، ضروری ثبوت جمع کر کے عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت میں گواہوں کے بیانات اور ثبوتوں کی روشنی میں معزز ضلع جج CH. VRR ور پرساد نے مجرم کو عمر قید اور 2000 روپے جرمانے کی سزا سنائی۔پولیس کی جانب سے مقدمہ کی پیروی پبلک پراسیکیوٹر راج گوپال گوڑ نے کی۔ اس کیس کی مؤثر انداز میں تحقیقات کرنے والے اُس وقت کے سداشیو نگر سرکل انسپکٹر وینکٹ، سب انسپکٹر نریش (موجودہ بچکندہ سرکل انسپکٹر)، موجودہ سداشیو نگر سرکل انسپکٹر سنتوش کمار، سب انسپکٹر رنجیت، کورٹ لائژاننگ آفیسر سپ انسپکٹر راجیا، اے ایس آئی رامیشور ریڈی، سی ڈی اوز راجیش اور سائیلو کو ضلع ایس پی نے ستائش کی۔