ضلع کانگریس صدور کو دوسری مرتبہ موقع نہیں ملے گا : میناکشی نٹراجن

   

صدارت کیلئے 5 سال کا تجربہ لازمی، تنظیمی استحکام پر مہیش کمار گوڑ کے ساتھ زوم اجلاس
حیدرآباد 14 اکٹوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں کانگریس کے تنظیمی استحکام کے لئے جاری مہم کے پیش نظر تلنگانہ انچارج میناکشی نٹراجن اور صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے اے آئی سی سی آبزرورس اور پردیش کانگریس کے مبصرین کے ساتھ زوم اجلاس کا اہتمام کیا۔ میناکشی نٹراجن نے واضح کیاکہ ضلع کانگریس صدر کے عہدہ پر موجود قائدین کو دوبارہ موقع دیئے جانے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ زوم اجلاس میں ضلع کانگریس صدور اور اہم قائدین نے شرکت کی اور تنظیمی استحکام کے سلسلہ میں بنیادی سطح تک کارکنوں سے رائے حاصل کرنے کی تفصیلات سے واقف کروایا۔ میناکشی نٹراجن نے کہاکہ جو قائدین ضلع کانگریس صدر کے عہدہ کے لئے درخواست داخل کررہے ہیں، اُنھیں کم از کم 5 سال تک بلاوقفہ پارٹی کے لئے کام کرنے کا تجربہ ہونا چاہئے۔ اے آئی سی سی کے مبصرین 5 سال سے کم مدت کے حامل قائدین کے نام فہرست میں شامل نہیں کریں گے۔ اُنھوں نے واضح کیاکہ ضلع کانگریس صدور کو دوسری مرتبہ موقع نہیں دیا جائے گا۔ پارٹی کے عوامی نمائندوں کے قریبی رشتہ داروں کو بھی ضلع کانگریس صدور کے عہدوں کے لئے غور نہیں ہوگا۔ اُنھوں نے کہاکہ ایس سی، ایس ٹی، بی سی اور مہیلا قائدین کو مؤثر نمائندگی دی جائے گی۔ اُنھوں نے اے آئی سی سی کے مبصرین کے ساتھ شخصی روابط بڑھانے کی کوششوں کے خلاف انتباہ دیا۔ ضلع سطح کے اجلاس پارٹی قائدین کے مکانات یا اُن کی ذاتی عمارتوں میں نہیں ہوں گے بلکہ پارٹی دفتر یا پھر کسی تیسرے موزوں مقام پر منعقد کئے جائیں۔ میناکشی نٹراجن نے آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی جانب سے مخالف ووٹ چوری مہم کو گاؤں گاؤں تک پہنچانے کی قائدین اور کارکنوں کو ہدایت دی۔1