ہائی کمان کا فیصلہ، ضلع کانگریس صدور کا اجلاس ، امیدواروں کی فہرست جلد روانہ کرنے کی ہدایت
حیدرآباد۔11 فروری (سیاست نیوز) آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے لوک سبھا انتخابات میں ضلع کانگریس صدور کو انتخابی ٹکٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے جس پر ضلع کانگریس صدور میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے انچارج جنرل سکریٹری تلنگانہ سی آر کنتیا نے آج تمام ضلع کانگریس صدور کا اجلاس منعقد کیا تھا جس میں لوک سبھا انتخابات کی حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ 20 فروری تک امکانی امیدواروں کے ناموں کی فہرست اضلاع سے حاصل کرتے ہوئے ہائی کمان کو روانہ کردی جائے گی۔ ضلع کانگریس کمیٹیوں کی 15 فروری تک تشکیل کی ہدایت دی گئی تاکہ لوک سبھا انتخابات کی مہم میں پارٹی قائدین کو مشغول کیا جاسکے۔ اجلاس میں صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی، سی ایل پی قائد بھٹی وکرامارکا، سکریٹری اے آئی سی سی بوتسا راجو اور سرینواس کرشنن کونسل میں فلور لیڈر محمد علی شبیر، ارکان اسمبلی اے سکو، روہت ریڈی کے علاوہ ضلع کانگریس صدور نے شرکت کی۔ جنرل سکریٹری انچارج نے کہا کہ 21 قائدین سے زائد کو ضلع کانگریس کمیٹیوں میں شامل نہ کیا جائے اور جہاں تک ممکن ہوسکے 15 فروری تک کمیٹیوں کی تشکیل عمل میں لائی جائے۔ لوک سبھا انتخابات میں صرف ضلع کانگریس صدور کے ذریعہ بہتر طور پر انتخابی مہم نہیں چلائی جاسکتی۔ انہوں نے بلاک، منڈل اور بوتھ سطح کی کمیٹیاں جلد تشکیل دینے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ بوتھ سطح پر ایجنٹس کا ابھی سے انتخاب کیا جائے۔ ضلع میں موجود ریاستی سطح کے قائدین اور محاذی تنظیموں کے ذمہ داروں کو خصوصی مدعو کے طور پر ضلع کمیٹیوں میں شامل کیا گیا۔ انہوں نے ضلع صدور کو ہدایت دی کہ اپنے لیے دفاتر کا جلد از جلد انتخاب کریں تاکہ ہر ضلع میں پارٹی سرگرمیوں کا تیزی سے آغاز ہوسکے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق کنتیا نے ضلع کانگریس صدور سے کہا کہ وہ سینئر قائدین سے بہتر تال میل کے ذریعہ لوک سبھا انتخابات کی تیاری کریں۔ صدر کانگریس راہول گاندھی ضلع کانگریس صدور پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں اور وہ نہیں چاہتے کہ اسمبلی انتخابات کی طرح تلنگانہ میں پارٹی کو دوبارہ مایوسی ہو۔ کنتیا نے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں جو نشانہ مقرر کیا گیا تھا، اس کی تکمیل میں مایوسی ہوئی ہے۔ گاندھی بھون میں پارٹی ٹکٹ کے لیے موصول ہونے والی درخواستوں کو ضلع کانگریس صدور کے حوالے کردیا جائے گا اور وہ مقامی قائدین سے مشاورت کے بعد مضبوط اور اہل امیدواروں کی فہرست تیار کریں گے۔ 17 فروری تک امیدواروں کی فہرست شارٹ لسٹ کردی جائے گی۔ کنتیا نے جب یہ انکشاف کیا کہ ضلع کانگریس صدور کو پارٹی ٹکٹ نہیں دیا جائے گا، گریٹر حیدرآباد کے صدر انجن کمار یادو نے اپنے ٹکٹ کے بارے میں سوال کیا۔ کنتیا نے وضاحت کی کہ وہ راہول گاندھی کے فیصلے سے اجلاس کو واقف کراررہے ہیں۔ اگر کسی کو اعتراض ہو تو وہ راہول گاندھی سے نمائندگی کریں۔ فیصلے میں تبدیلی راہول گاندھی کا اختیار ہوگا۔ ضلع کانگریس صدور کو انتخابی اعلامیہ کا انتظار کیے بغیر مسائل پر عوام سے رجوع ہونے کی ہدایت دی گئی۔