ضلع کلکٹرس کے ساتھ وزیر مال کی ٹیلی کانفرنس، جانی اور مالی نقصانات روکنے کی ہدایت

   

سکریٹریٹ میں کنٹرول روم کا قیام، امدادی کاموں میں خصوصی ٹیمیں متحرک، نشیبی علاقوں سے عوام کی منتقلی
حیدرآباد ۔ 27 ۔ اگست (سیاست نیوز) وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے ریاست میں جاری موسلادھار بارش کے پیش نظر ضلع کلکٹرس ، پولیس کمشنرس اور سپرنٹنڈنٹس آف پولیس کے ساتھ ٹیلی کانفرنس کا ا ہتمام کیا۔ چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ کے اسپیشل چیف سکریٹری اروند کمار کی موجودگی میں وزیر مال نے عہدیداروں کو ہدایات جاری کیں۔انہوں نے جان و مال کے نقصانات کو روکنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ۔ وزیر مال نے میدک اور کاما ریڈی کے کلکٹرس سے کہا کہ وہ حیدرآباد سے کسی بھی امداد کے سلسلہ میں چیف سکریٹری سے ربط قائم کریں۔ ذخائر آب اور تالابوں کے علاوہ آبپاشی پراجکٹس کی سطح پر نظر رکھی جائے۔ سکریٹریٹ میں کنٹرول روم کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔وزیر مال نے ضلع کلکٹرس سے کہا کہ وہ بارش کے سلسلہ میں عوام کو مختلف ذرائع کے ذریعہ چوکس کریں تاکہ وہ اپنے طور پر احتیاطی قدم اٹھاسکیں۔وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے کہا کہ ریاست کے مختلف اضلاع خاص طور پر کاما ریڈی اور میدک میں موسلادھار بارش کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے حکومت مکمل طور پر چوکس ہے۔ عوام کو کسی بھی دشواری اور مشکلات سے بچانے کیلئے تمام محکمہ جات کو احتیاطی اقدامات کی ہدایت دی گئی ہے ۔ سرینواس ریڈی نے کہا کہ نظم و نسق بارش سے پیدا ہونے والی کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہے۔ سرینواس ریڈی نے کاما ریڈی اور میدک کے ضلع کلکٹرس سے بات چیت کی اور صورتحال کا جائزہ لیا ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی ہدایت پر وزیر مال نے کاما ریڈی اور میدک اضلاع میں بچاؤ اور امدادی کاموں کا ضلع کلکٹرس کے ساتھ جائزہ لیا ۔ وزیر مال دونوں اضلاع کے اعلیٰ عہدیداروں سے مسلسل ربط میں ہیں۔ محکمہ پولیس کو ہدایت دی گئی ہے کہ زیر آب آنے والی سڑکوں پر ٹریفک کوگزرنے کی اجازت نہ دی جائے۔ دونوں اضلاع میں بچاؤ کاموں کیلئے حصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہے۔ این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیموں کو متاثرہ اضلاع میں متحرک کردیا گیا ہے ۔ سرینواس ریڈی نے ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی کہ وہ متاثرہ علاقوں میں بچاؤ راحت کے کاموں کی شخصی طور پر نگرانی کریں۔ نشیبی علاقوں کے عوام کو محفوظ مقامات منتقل کیا جائے اور ضرورت پڑنے پر ریلیف کیمپس قائم کئے جائیں۔ انہوں نے ریلیف کیمپس میں غذا اور ادویات کی سربراہی کی ہدایت دی ۔ سرینواس ریڈی نے منسٹر کوارٹرس میں اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا اور بارش کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ضروری ہدایات جاری کیں۔1