عادل آباد۔ 23 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) عادل آباد ضلع کلکٹر راج رشی شاہ اور عادل آباد ضلع ایس پی اکھل مہاجن نے آج مستقر عادل آباد کے گنیش ٹاکیز کے میدان کا دورہ کرتے ہوئے ڈھکیل بنڈیوں پر میواجات فروخت کرنے والے چھوٹے تاجر پیشہ افراد سے ملاقات کرتے ہوئے ان سے ان کے کاروبار کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کئے اور اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ مستقر عادل آباد کے اہم شاہراہوں اور چوراستوں کے فٹ پاتھ پر اپنی بنڈیوں کے ذریعہ تجارت کرنے والے سینکڑوں چھوٹے تجارت پیشہ افراد کو ٹریفک میں پیش آنے والی دشواریوں کے بنا پر 20 مئی کو بے دخل کردیا گیا تھا۔ مجلس بلدیہ عادل آباد کے اس اقدام میں پولیس کا تعاون برقرار تھا۔ روزمرہ کے روزگار سے محروم ہونے والے سینکڑوں تجارت پیشہ افراد نے دوسرے دن دفتر ضلع کلکٹریٹ کے روبرو دھرنا بھی منظم کیا جبکہ گزشتہ دن ایک وفد حیدآباد پہنچ کر عادل آباد ضلع انچارج سیتا اکا سے ملاقات بھی کی جس کے پیش نظر آج ضلع کلکٹر اور ضلع ایس پی نے گنیش ٹاکیز کا کھلا میدان جہاں فٹ پاتھ پر کاروبار کرنے والوں کو بے دخل کیا گیا تھا اس مقام پر تجارت کرنے کی اجازت دی گئی۔ اس موقع پر عادل آباد ڈی ایس پی جیون ریڈی، عادل آباد میونسپل کمشنر راجو کے علاوہ دیگر عہدیداران موجود تھے۔