ضلع کلکٹر سدی پیٹ بذات خود قرنطینہ میں چلے گئے

   

سدی پیٹ۔12جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ضلع سدی پیٹ میں مہلک و جان لیوا مرض کورونا وائرس کووڈ ۔19 کا قہر نازل ہورہا ہو ۔ ضلع سدی پیٹ میں عام شہریوں سے لے کر ضلع سطح کے سرکاری حکام و ملازمین بھی کورونا وائرس سے متاثر ہورہے ہیں ۔ ضلع کلکٹر سدی پیٹ مسٹر پی وینکٹ رام ریڈی نے دو روز قبل ملاقات کردہ ضلع پریشد ارکان کے ہمراہ موجود ایک اہم سیاسی قائد کے کووڈ ۔19کے اثرات سے متاثر ہوجانے کی توثیق ہونے پر کل بذات خود اپنے آپ کو گھریلو قرنطینہ ہوم کورنٹائن کرلیا ۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ ضلع سدی پیٹ کے بعض ضلع پریشد ارکان نے 10 جون کو کافی وقت ضلع کلکٹر کے اجلاس پر موجود رہ کر مختلف اُمور پر تبادلہ خیال کیا تھا ۔ اس موقع پر مبینہ طور پر کورونا مرض سے متاثرہ شخص بھی اجلاس میں ضلع کلکٹر کے کافی قریب رہا ۔ جس کے باعث گہری تشویش میں مبتلا ، ضلع کلکٹر پی وینکٹ رام ریڈی نے گھر میں مقید رہ کر اپنے اُمور کی تکمیل کررہے ہیں ۔ دفتر کلکٹریٹ میں مقامی ملازمین کے علاوہ کسی بھی فرد کو داخل ہونے نہیں دیا جارہا ہے ۔ باب الداخلہ پر شکایتی باکس لگایا گیا ہے ۔معتبر ذرائع نے بتایا کہ ایک ریاستی وزیر کے شخصی معاون جو کہ سدی پیٹ ٹاؤن میں مقیم رہتے ہیں ، کورونا سے متاثر پائے گئے ہیں جس کی وجہ سے پتہ چلتا ہے کہ مہلک مرض نے کسی کو بھی نہیں چھوڑا ہے ۔