بھینسہ ۔ 14 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : ضلع نرمل کلکٹر مشرف علی فاروقی نے بھینسہ کا اچانک دورہ کرتے ہوئے گورنمنٹ ایریا ہاسپٹل پہنچکر تمام انتظامات سہولیات اور حالات سے واقفیت حاصل کرتے ہوئے آوٹ پیشنٹوں سے تبادلہ خیال کیا ۔ اس موقع پر آر ڈی او ای راجو ، تحصیلدار نرسیا کے علاوہ محکمہ بلدیہ کے عہدیداران موجود تھے ۔ علاوہ ازیں ایریا ہاسپٹل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر کاشی ناتھ ، ڈاکٹر پدماوتی اور دیگر ڈاکٹرس و عملہ موجود تھا ۔ اس دوران ضلع کلکٹر نے ایریا ہاسپٹل سپرنٹنڈنٹ سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے ہاسپٹل میں صاف صفائی پر خاص توجہ دینے کی سخت ہدایت دی اور کہا کہ ایریا ہاسپٹل میں کسی بھی قسم کی لاپرواہی و تساہلی برتنے پر سخت کاروائی کرنے کا انتباہ دیا ۔ اسی اثناء میں ایریا ہاسپٹل کے احاطہ میں صفا بیت المال مقامی صدر حافظ منیر الدین نے کلکٹر مشرف علی فاروقی سے ملاقات کرتے ہوئے ہاسپٹل کے بلڈ بینک مرکم پر بلڈ ذخیرہ پیاکٹس کی عدم سہولیات پر مریضوں بالخصوص حاملہ خواتین اور حادثاتی متاثرین کو مسائل کا سامنا ہونے کی شکایت کی اور بلڈ بینک سنٹر میں بلڈ ذخیرہ پیاکٹس رکھنے کیلئے نمائندگی کی جس پر ضلع کلکٹر نے فورا ڈاکٹر کاشی ناتھ سپرنٹنڈنٹ کو طلب کرتے ہوئے اس جانب فوراً اقدامات کرتے ہوئے ایک ہفتہ میں بلڈ پیاکٹس رکھنے کی ہدایت دی ۔۔