ضلع کلکٹر نظام آباد کا اچانک انٹیگریٹیڈ کلکٹریٹ کامپلکس کا معائنہ

   

نظام آباد:6؍ ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نظام آباد کلکٹر ٹی ونئے کرشنا ریڈی نے آج انٹیگریٹیڈ کلکٹریٹ کمپلیکس میں واقع مختلف محکموں کے دفاتر کا اچانک معائنہ کیا۔ انہوں نے محکمہ زراعت اور ہاؤزنگ کے دفاتر کا دورہ کرتے ہوئے ان کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ حالیہ شدید بارشوں سے ضلع میں ہونے والے فصلوں کے نقصانات سے متعلق رپورٹس کا بغور مطالعہ کیا اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ کسانوں کو سرکاری امداد فراہم کرنے کے لیے نقصانات کی درست تفصیلات ریکارڈ میں درج کی جائیں۔کلکٹر ونئے کرشنا ریڈی نے بتایا کہ بھاری بارشوں اور سیلاب کے سبب سرکنڈہ، درپلی، بھیمگل، اندلوائی، ویلپور اور ورنی منڈلوں میں کھیتوں پر ریت کی تہہ جما ہو گئے ہیں انہوں نے ہدایت دی کہ ان ریت کے ڈھیر کو طمانیت روزگار (نریگا اسکیم)کے مزدوروں کے ذریعہ صاف کروایا جائے تاکہ کسانوں کو براہ راست فائدہ پہنچے۔ انہوں نے زرعی عہدیداروں کو ہدایت دی کی کہ وہ کھیتوں کا دورہ کر کے تفصیلات نریگا حکام کو فراہم کریں تاکہ مربوط کوششوں کے ذریعہ بروقت راحت ممکن ہو۔ اسی طرح ڈی آر ڈی او سایا گوڑ کو ہدایت دی کہ نریگا فنڈز کے تحت گرام پنچایتوں میں زیادہ سے زیادہ کاموں کی نشاندہی اور عمل آوری کو یقینی بنائیں تاکہ دیہی علاقوں کو آمدنی کے مواقع فراہم ہوں۔کلکٹر نے ہاؤزنگ شعبہ کا بھی معائنہ کیا اور اندراماں ہاؤزنگ اسکیم کے مکانات کی تعمیراتی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ کلکٹر کے ہمراہ ضلع زراعتی عہدیدار جے گووندو، ہاؤزنگ پی ڈی پون کمار، ای ای نیورتی اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔