کڑپہ /15 فروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) چیف منسٹر آندھراپردیش وائی ایس جگن موہن ریڈی نے آج ضلع کرپہ کے جلی مڈگی کے سناپورالا پلی میں ایک بڑے اسٹیل پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھا ۔ اس موقع پر جگن موہن ریڈی نے کہا کہ آج کا دن تاریخی دن ہے ۔ اس دن کیلئے آنجہانی وزیر اعلی آندھراپردیش ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی نے ایک خواب دیکھا تھا ۔ اس علاقے میں ایک اسٹیل پلانٹ کا ، جسے آج پورا کیا جارہا ہے ۔ اس علاقے میں اسٹیل پلانٹ کے قیام سے تمام علاقے کو ترقی ملے گی اور ہزاروں بے روزگار نوجوانوں کو روزگار ملے گا ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ 24 تا 30 ماہ میں یہ پلانٹ مکمل ہوجائے گا ۔جنڈال گروپ نے یہ پلانٹ تیار کرنے کا بیڑا اٹھایا ہے ۔ جس کیلئے 3,300 کروڑ خرچ کئے جارہے ہیں ۔ 3 ملین ٹن کے اس پلانٹ کو دو مرحلوں میں مکمل کیا جائے گا ۔ دوسرے مرحلے کی تعمیر کیلئے 5500 کروڑ خرچ کئے جائیں گے ۔ اس طرح سے اس پلانٹ کی تعمیر پر جملہ 8800 کروڑ خرچ کئے جارہے ہیں۔ 3 ملین ٹن کے حامل اسٹیل پلانٹ کے شروع ہونے پر اس علاقے میں زبردست ترقی ہوگی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے ۔ جگن موہن ریڈی نے کہا کہ جنڈال گروپ چیرمین سجن جنڈال اسٹیل پلانٹوں کی تعمیر اور چلانے میں مہارت رکھتے ہیں ۔ آج یہ گروپ 1.75 لاکھ کروڑ سے ملک میں اسٹیل پلانٹس چلاکر سارے ملک میں نمبر ایک پوزیشن میں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کڑپہ کے کپڑتی میں 550 ایکڑ اراضی پر Electric Manufacture Klastur کی تعمیر کا کام جاری ہے ۔ یہ دونوں صنعتوں کے قیام سے ایک لاکھ سے زیادہ بے روزگار افراد کو روزگار فراہم کیا جاسکے گا۔ اس موقع پر رکن پارلیمنٹ کڑپہ وائی ایس اویناش ریڈی ، نائب وزیر اعلی اے پی ایس بی امجد پاشاہ ، اراکین اسمبلی رگھو رامی ریڈی ڈاکٹر سدھیر ریڈی ، مئیر کرپہ سریش بابو اور دیگر قائدین نے شرکت کی ۔