حیدرآباد۔/26 فبروری، ( سیاست نیوز) ضلع کھمم کے نیلا کونڈا پلی تالاب کٹہ کے پاس پیش آئے بھیانک سڑک حادثہ میں دو افراد ہلاک ہوگئے اور چند افراد شدید زخمی ہونے کا واقعہ پیش آیا۔ تفصیلات کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ نیلا کونڈا پلی تالاب کٹہ کے پاس تیز رفتار لاری نے ڈی سی ایم ویان کو ٹکر دے دی جس کے نتیجہ میں ڈی سی ایم ویان میں سفر کرنے والی دو خواتین شیشما50 سال اور لکشمما53 سال برسر موقع ہلاک ہوگئیں جبکہ چند افراد زخمی ہوئے جن میں دو شدید زخمی بتائے جاتے ہیں۔ پیش آئے اس سڑک حادثہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری طور پر مقام واقعہ پر پہنچ کر سب سے پہلے نعشوں کو حاصل کرکے بغرض پوسٹ مارٹم دواخانہ منتقل کرتے ہوئے زخمی افراد کو بھی طبی امداد بہم پہنچانے کیلئے تمام زخمیوں کو دواخانہ روانہ کردیا۔ پولیس کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ لاری اور ڈی سی ایم ویان کی ٹکر سے پیش آئے واقعہ کے وقت ڈی سی ایم ویان میں 15 افراد سفر کررہے تھے اور یہ تمام بھدرا چلم مندر کو اپنی منتیں پوری کرنے کیلئے جارہے تھے۔ پولیس نے پیش آئے سڑک حادثہ کے خلاف کیس درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا۔