ڈینگو اور ملیریا کے متاثرین کی تعداد میں بھی اضافہ ، صورتحال پر قابو پانے انتظامیہ چوکس
حیدرآباد۔2نومبر(سیاست نیوز) تلنگانہ کے ضلع کھمم میں کورونا وائرس ‘ ملیریا اور ڈینگو کی دہشت نے ضلع انتظامیہ کو چوکسی اختیار کرنے پر مجبور کردیا ہے اور ضلع انتظامیہ اس صورتحال کے سبب تشویش کا شکار ہونے لگا ہے ۔ضلع کھمم میں روزانہ کورونا وائرس کے 4تا5 مریضوں کی ہر سرکاری دواخانہ میں شناخت کی جار ہی ہے اور اس کے علاوہ خانگی دواخانوں میں بھی کورونا وائرس کا شکار افراد کو شریک کیا جانے لگا ہے جس پر ضلع انتظامیہ کی جانب سے گہری نظر رکھنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور کہا جارہا ہے کہ صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لئے ضلع انتظامیہ کی جانب سے متعدد اقدامات کئے جارہے ہیں اور کہا جارہا ہے کہ ضلع کھمم میں نہ صرف کورونا وائرس بلکہ ملیریا اور ڈینگو کے مریضوں کی تعداد میں ہونے والے اضافہ نے بھی ضلع انتظامیہ اور محکمہ صحت کے حکام کوچوکس کردیا ہے ۔بتایاجاتا ہے کہ ضلع میں تاحال 248ڈینگو اور 254 ملیریا کے مریضوں کی نشاندہی کی گئی جن کا علاج جاری ہے اور اس صورتحال کے دوران کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں ہونے والے اضافہ نے محکمہ صحت کے علاوہ طبی عملہ کو تشویش میں مبتلاء کردیا ہے۔کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں ہونے والے اضافہ کے سلسلہ میں ضلع کویڈ کوآرڈینیٹر ڈاکٹر چیتن کا کہناہے کہ کھمم میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعدا د میں ہونے والے اضافہ کی بنیادی وجہ عوام کی جانب سے اختیار کردہ رویہ اور کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کیلئے جاری کئے جانے والے رہنمایانہ خطوط پر عمل آوری نہ کیا جانا ہے۔ضلع کھمم میں کورونا وائرس کے ایکٹیو مریضوں کی تعداد کے سلسلہ میں دریافت کرنے پر پتہ چلا ہے کہ فی الحال کھمم میں 120 کورونا وائرس کے شکار مریض موجود ہیں جن کا علاج کیا جا رہاہے۔علاوہ ازیں ملیریا اور ڈینگو کے مریضوں کی تعداد میں ہونے والے اضافہ کے متعلق کہا جار ہاہے کہ صفائی کے ناقص انتظامات اور صفائی کے بجٹ کی عدم موجودگی کے سبب ملیریااور ڈینگو کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہونے لگا ہے۔ ضلع کھمم میں کورونا وائرس ، ملیریا اور ڈینگو کے مریضوں کی تعداد میں ہونے والے اضافہ پر محکمہ صحت کی جانب سے خصوصی نظر رکھی جارہی ہے اور ضلع انتظامیہ کے عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ جن مریضوں کو کورونا وائرس کی توثیق ہورہی ہے ان کے قرنطینہ کے لیے بہتر انتظام کیے جائیں تاکہ مرض کو مزید پھیلنے سے روکا جاسکے ۔م