ریاست کے دوسرے درجہ کے شہروں کو حیدرآباد کے طرز پر ترقی دینے کا منصوبہ : کے ٹی آر
حیدرآباد :۔ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق و آئی ٹی کے ٹی آر نے ضلع کھمم میں مختلف ترقیاتی پروگرامس میں حصہ لیا ۔ آئی ٹی ہب کے دوسرے مرحلے کا سنگ بنیاد رکھا ۔ 1004 ڈبل بیڈ روم مکانات کا افتتاح کیا اور ساتھ ہی نئے تعمیر کردہ بس اسٹانڈ کا افتتاح کیا ۔ ان سنگ بنیاد اور افتتاحی تقاریب میں ریاستی وزراء اجئے کمار ، وی پرشانت ریڈی اور ٹی آر ایس کے رکن پارلیمنٹ این ناگیشور راؤ کے علاوہ دوسرے قائدین و عہدیدار موجود تھے ۔ مختلف پروگرامس سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ شہر حیدرآباد کے طرز پر ریاست کے دوسرے درجہ کے شہروں کو ترقی دینے کے لیے حکومت خصوصی منصوبہ بندی تیار کرتے ہوئے کام کررہی ہے ۔ علحدہ ریاست کی تشکیل کے موقع پر کئی لوگوں کو شکوک و شبہات تھے ۔ لیکن چیف منسٹر کے سی آر کی سیاسی بصیرت سے ہر شعبہ ترقی کی طرف گامزن ہے ۔ تلنگانہ کی آئی ٹی شرح ترقی ملک کے آئی ٹی شرح سے بہت زیادہ ہے ۔ ملٹی نیشنل اور کارپوریٹ ادارے حیدرآباد اور ریاست میں سرمایہ کاری لگانے میں اپنی دلچسپی دکھا رہے ہیں ۔ آئی ٹی کو صرف شہر حیدرآباد تک محدود رکھنے کے بجائے ریاست کے دوسرے درجہ کے شہروں میں بھی توسیع دی جارہی ہے ۔ 30 کروڑ روپئے کے مصارف سے کھمم میں دوسرے مرحلے کے آئی ٹی ہب کو ترقی دی جارہی ہے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ٹی فائیبر کی تکمیل کے بعد ہر گھر کو براڈ بینڈ کنکشن دئیے جائیں گے ۔ دوسرے درجہ کے شہروں میں ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو فروغ دیا جارہا ہے ۔ عصری و تکنیکی سہولتیں عام افراد کو فراہم کرنے کے لیے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ کھمم اربن منڈل کے ٹیکالا پلی میں 60.20 کروڑ روپئے کے مصارف سے تعمیر کردہ 1004 ڈبل بیڈ روم مکانات کا افتتاح کیا ۔ ان ڈبل بیڈ روم میں رہنے والے عوام کو بنیادی سہولتیں ، پرائمری ہیلت سنٹرس ، آنگن واڑی سنٹرس ، مارکٹس کے قیام کا جائزہ لیا ۔ کھمم ضلع ہیڈکوارٹر پر 25 کروڑ روپئے کے مصارف سے تعمیر کردہ آر ٹی سی بس اسٹانڈ کا افتتاح کیا اور کہا کہ حکومت خسارے میں چلنے والے آر ٹی سی ادارہ کو نفع بخش ادارے میں تبدیل کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کررہی ہے اور اصلاحات لارہی ہے ۔۔