ضلع کے ترقیاتی کاموں کو تیزی سے مکمل کرنے کی ہدایت

   

کلکٹر پداپلی ڈاکٹر سنگیتا ستیہ نارائنہ کی ویڈیو کانفرنس
پداپلی:ضلع کے تمام مواضعات میں دیہی ترقیاتی کام مکمل کرنے کی ضلع کلکٹر پداپلی ڈاکٹر سنگیتا ستیا نارائنہ نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی۔پلے پرگتی پروگرام ، نرسری میں پودوں کی افزائش سے متعلقہ امور پر ضلع کے تما م ایم پی ڈی اوز، ایم پی اوزکے ہمراہ آج ضلع کلکٹرنے ویڈیو کانفرنس منعقد کی۔ اس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پلے پرگتی سے متعلقہ ترقیاتی کاموں کو تندہی کے ساتھ مکمل کیا جائے۔زیرالتوا شمشان گھاٹ کے تعمیری کاموں کو فوری طور پر مکمل کرنے ، اس ضمن میں عہدیداروں اور عوامی نمائندوں کو آپسی ہم آہنگی سے کام کرنے کی ہدایت دی۔ شمشان گھاٹ میں لازمی طور پر حمام اور بیت الخلاء کا قیام عمل میں لانے ، مقامی سیاسی نمائندوں اور اے ای سے ہم آہنگی پیدا کرتے ہوئے شمشان گھاٹ میں بجلی کی سربراہی کو یقینی بنانے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔پلے پرگتی پروگرام کے تحت روبہ عمل کمپوسٹ شیڈ کے تعمیری کام اور دیگر ترقیاتی کاموں کی عاجلانہ تکمیل کی متعلقہ محکمہ جات کے عہدیداروں کو ہدایت دی۔مواضعات کا دورہ کرتے وقت ایم پی ڈی اوز کو لازمی طور پر کمپوسٹ شیڈ کا معائنہ کرنے کی ہدایت دی۔ انھوں نے مطلع کیا کہ خشک و تر کچرے کی علحدہ حصولی کے تحت ہر گھر کو دو کچرا دان فراہم کئے گئے ہیں۔ اس خصوص میں عوام میں شعور اْجاگر کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ فی الحال ترقیاتی کاموں کی تکمیل کے لئے جو آخری تاریخ طئے کی گئی ہے یہ آخری موقع ہے۔ ترقیاتی کاموں کی تکمیل میں غفلت یا لاپرواہی برتنے پر نئے پنچایت راج قانون کے تحت سخت کاروائی کا انہوں نے انتباہ دیا۔ایڈیشنل کلکٹر برائے مجالس مقامی کمار دیپک، ضلع کے تمام ایم پی ڈی اوز ، ایم پی اوز اور متعلقہ عہدیداروں نے اس ویڈیو کانفرنس میں شرکت کی۔