نعشوں سے وائرس نہیں پھیلتا ، ماہرین اور ڈاکٹرس کی رائے
حیدرآباد :۔ ریاست تلنگانہ کے ضلع جوگو لامبا گدوال میں کورونا کی علامتوں سے فوت ہونے والے ایک 35 سالہ شخص کی نعش جے سی بی کے ذریعہ شمشان گھاٹ منتقل کی گئی ۔ ارکان خاندان نے پی پی ای کٹس پہن کر آخری رسومات انجام دی ۔ ضلع کھمم میں ایک شخص کی عام موت پر مقامی عوام نے کورونا کے خوف سے اس کی آخری رسومات میں رکاوٹیں پیدا کی ۔ بالآخر پولیس بندوبست میں آخری رسومات انجام دینا پڑا ہے ۔ ایسے کئی واقعات شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے مختلف مقامات پر پیش آرہی ہیں کہیں لوگ آخری دیدار کرنے سے گھبرا رہے ہیں تو کہیں بچے اپنے ماں باپ کی نعشوں کو سڑکوں پر چھوڑ رہے ہیں ۔ کئی مقامات پر مرنے والوں کی عزت و احترام سے آخری رسومات بھی انجام نہیں دی جارہی ہے ۔ کورونا وائرس نے خونی رشتوں اور انسانی ہمدردی کے جذبہ کو بھی ختم کردیا ہے ۔ اس طرح کا سلوک صرف کورونا پازیٹیو آنے والوں کے ساتھ ہی نہیں بلکہ عام موت پر بھی نعشوں کو وہ عزت احترام نہیں مل رہا ہے ۔ جس کے وہ مستحق ہیں ۔ کئی مقامات پر متاثرین اور صرف علامتوں سے فوت ہونے والے افراد رسومات بھی مقامی عوام کی جانب سے رکاوٹیں پیدا کی جارہی ہیں ۔ جس کی وجہ سے نعشوں کو چوری چھپے دور دراز علاقوں میں دفنایا جارہا ہے ۔ یا آگ کے سپرد کردیا جارہا ہے ۔ ان صورتحال کو دیکھ کر لوگ متاثر ہونے پر بھی اس کی اطلاع کسی کو نہیں دے رہے تاکہ انہیں اور ان کے ارکان خاندان کے ساتھ سوتیلا سلوک نہیں کیا جائے ۔ ایسے حالت منظر عام پر آنے کے بعد ڈاکٹرس اور ماہرین نے بتایا کہ کورونا وائرس سے فوت ہونے والے افراد کی نعشوں سے ڈرنے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے کیوں کہ کوویڈ بالخصوص ایک ڈراپ لیٹ وائرس ہے ۔ مثلاً یہ تھوکنے ، کھانسنے اور بات کرنے کے دوران زرات سے پھیلتا ہے ۔ مرنے والے تھوکتے یا کھانستے نہیں ہیں ۔ لہذا نعشوں کے ذریعہ کورونا پھیلنے کے امکانات تقریبا نہیں ہے ۔ آئی سی ایم آر کے رہنمایانہ خطوط میں بتایا گیا ہے کہ کورونا وباء سے اگر کسی کی موت ہوجاتی ہے تو گذرتے وقت کے ساتھ اس کے جسم سے وائرس کا اثر ختم ہوجاتا ہے ۔ آخری رسومات کے لیے شمشان گھاٹ جانے والے ارکان خاندان اور رشتہ داروں کے لیے لازمی ہے کہ وہ گھر پہونچکر صابن سے اچھی طرح نہالیں ۔ دوسرے دن استھیا بھی لی جاسکتی ہے کیوں کہ اس میں وائرس باقی رہنے کی گنجائش نہیں ہے ۔ سی سی ایم بی کے ڈائرکٹر راکیش کے مشرا نے بتایا کہ نعشوں کے ذریعہ وائرس پھیلنے کے کوئی امکانات نہیں ہے ۔ آرتھو پیڈک سرجن ڈاکٹر گوروا ریڈی نے بتایا کہ کورونا سے فوت ہونے والوں میں وائرس صرف 3 تا 4 گھنٹے ہی زندہ رہ سکتا ہے ۔ اس طرح لوگوں کو غلط فہمیوں کا شکار ہو کر نعشوں کا احترام نہیں کرنا چاہئے اور نہ ہی آخری رسومات میں رکاوٹیں پیدا کرنے کی ضرورت ہے ۔۔