چیرمین حج کمیٹی محمد سلیم اور حکومت سے رکن اسمبلی کا اظہار تشکر
ظہیرآباد 2/ فبروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) رکن اسمبلی ظہیرآباد کوننٹی مانک راؤ نے آج ایم ایل اے کیمپ آفس میں طلب کردہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ اسمبلی ظہیرآباد کی عوام خاص کر مسلمانوں نے چیرمین حج کمیٹی محمد سلیم اور حکومت تلنگانہ سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ حج کمیٹی چیرمین نے منی حج ہاؤز کی سنگ بنیاد تقریب میں شرکت کرتے ہوئے ایک کروڑ روپے امداد کا اعلان کیا تھا اور اپنے وعدہ کے تکمیل کرتے ہوئے شہر ظہیرآباد میں تعمیر کئے جانے والے منی حج ہاوس کے لئے ایک کروڑ روپے بطور امداد حج کمیٹی کی جانب سے جاری کئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر ظہیرآباد میں تعمیر کئے جانے والے منی حج ہاوس میں خواتین کے لئے ٹیلرنگ اور نوجوانوں کے لئے تعلیم کے ساتھ ساتھ مختلف ہنر سکھائے جائیں گے ۔ تلنگانہ حکومت کا یہ اقدام ظہیرآباد کے مسلمانوں کیلئے خوش آئند ہے ۔ منی حج ہاؤز کی تعمیر سے مقدس فریضہ حج و دیگر امور کی تربیت کی انجام دہی میں بہت بڑی سہولت ہوگی۔ رکن اسمبلی ظہیرآباد نے وزیر اعلیٰ چندر شیکھر راو ، وزیر خزانہ وصحت عامہ ہریش راو ، وزیر بلدی نظم و نسق و آئی ٹی کے ٹی آر ، رکن پارلیمنٹ ظہیرآباد بی بی پاٹل سے اظہار تشکر کیا۔ اس موقع پر ظہیرآباد بی آر ایس اقلیتی قائدین نے رکن اسمبلی ظہیرآباد کی شال پوشی و گل پوشی کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی۔پریس کانفرنس میں سید محی الدین صدر ٹاؤن بی آر ایس ، محمد فاروق علی ، گورے میاں سکندر ، شیخ وحید ، محمد جمیل قریشی ، محمد علی ، محمد مرتضی ، محمد اکرم، محمد زبیر و دیگر موجود تھے۔