دو ماہ میں 8 ہزار کروڑ کی اضافی آمدنی، ٹیکس کلکشن پر توجہ دینے عہدیداروںکو حکومت کی ہدایت
حیدرآباد۔25۔ مارچ ( سیاست نیوز) تلنگانہ کی کانگریس زیر اقتدار ریونت ریڈی حکومت نے 5 ضمانتوں پر موثر عمل آوری کیلئے وسائل اکٹھا کرنے پر توجہ مرکوز کی ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ٹیکس وصول کرنے سے متعلق محکمہ جات کے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ٹیکس وصولی اور حکومت کی آمدنی میں اضافہ پر توجہ مبذول کریں تاکہ عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل ہوسکے۔ کانگریس نے6 ضمانتوں کا وعدہ کیا تھا جن میں سے پانچ پر عمل آوری کا آغاز ہوچکا ہے۔ محکمہ فینانس سے تفصیلات حاصل کی گئی ہیں کہ ضمانتوں پر عمل آوری کیلئے سالانہ درکار فنڈ کیا ہوگا۔ محکمہ مال نے ڈسمبر اور جنوری میں اپنی کارکردگی بہتر بناتے ہوئے آمدنی میں 8 ہزار کروڑ کا اضافہ کیا ہے۔ اس میں 5 ہزار کروڑ ضمانتوں پر عمل آوری پر خرچ ہوں گے۔ اپوزیشن کی جانب سے ضمانتوں پر عمل آوری پر شبہات کا اظہار کیا جارہا ہے۔ چیف منسٹر نے ریاست کی آمدنی میں اضافہ پر توجہ مرکوزکی ہے۔ گذشتہ بی آر ایس دور حکومت کی ماہانہ آمدنی 10 ہزار کروڑ سے تجاوز نہیں کررہی تھی۔ 7 ڈسمبر کو حلف لینے والی ریونت ریڈی حکومت نے دو ماہ میں آمدنی کو 28425 کروڑ تک پہنچادیا ہے۔ فروری کی آمدنی کا تعین باقی ہے اور عہدیداروں کو امید ہے کہ ریاست کی آمدنی 15 ہزار کروڑ سے تجاوز کرجائے گی۔ خواتین کو مفت بس کی سہولت پر حکومت ماہانہ 250 کروڑ خرچ کررہی ہے جبکہ 200 یونٹ مفت برقی سربراہی پر 2100 کروڑ اور 500 روپئے میں پکوان گیس سلینڈر کی سربراہی پر 80 کروڑ کے خرچ کا اندازہ ہے۔ آروگیہ شری اسکیم کے تحت 80 کروڑ کی اجرائی ممکن ہے۔ ایسے میں چیف منسٹر نے محکمہ مال کو ٹیکس کلکشن میں خامیوں کو دور کرنے کی ہدایت دی ہے۔ کمرشیل ٹیکسیس، اکسائیز، اسٹامپ اینڈ رجسٹریشن، ٹرانسپورٹ اور مائنس اینڈ منرل محکمہ جات کو آمدنی میں اضافہ پر توجہ دینے کی ہدایت دی گئی ہے۔ چیف منسٹر نے ٹیکس وصولی میں اضافہ کی نگرانی کیلئے اعلیٰ عہدیداروں کو ذمہ داری دی ہے۔1