ضمانت درخواست پر جلد سماعت کی اپیل:لالو

   

رانچی: دہلی ایمس میں زیر علاج راشٹریہ جنتا دل کے سربراہ لالو پرساد یادو نے ضمانت پر جلد رہا کرنے کیلئے ایک درخواست جلدسماعت کیلئے جھارکھنڈ ہائی کورٹ میں داخل کی ہے۔ یہ معاملہ دمکا جیل سے جڑا ہوا ہے۔ لالو پرساد یادو کو سی بی آئی عدالت نے دمکا جیل معاملے میں 7 سال کی سزا سنائی ہے۔ ایسے میں لالو کی طرف سے سزا کاٹنے اور بیماری کا حوالہ دیتے ہوئے ہائی کورٹ سے ضمانت کا مطالبہ کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ لالو کو چارہ گھوٹالہ کے چار معاملے میں سی بی آئی عدالت سے سزا ملی ہے۔ ان میں سے 3 معاملوں میں جھارکھنڈ ہائی کورٹ سے انہیں ضمانت مل چکی ہے۔ دمکا معاملے میں ضمانت ملتے ہی وہ جیل سے باہر آجائیں گے۔دمکا معاملے میں پیر کو لالو پرساد یادو کی طرف سے ہائی کورٹ میں جواب داخل کیا گیا۔ ان کے وکیل دیورشی منڈل نے عدالت کے حکم پر لالو کی جیل میں رہنے کی مدت کی پوری رپورٹ عدالت میں داخل کی ہے۔ لالو یادو کے چہرے میں سوجن پائی گئی اور لنگس میں انفیکشن دیکھا گیا، جس کے بعد انہیں بہتر علاج کیلئے ایمس بھیجا گیا۔ وہ پہلے سے ہی 15 سے زیادہ بیماریوں سے متاثر ہیں۔