مزدوروں میں ماسکس و سنیٹائزرس کی تقسیم، ریاستی وزیر سرینواس گوڑ کا خطاب
محبوب نگر۔/3 مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضمانت روزگار اسکیم کے تحت ضلع محبوب نگر میں جاریہ ماہ 51 ہزار مزدوروں کو روزگار فراہم کیا جارہا ہے۔ یہ انکشاف ریاستی وزیر سرینواس گوڑ نے ہفتہ کے دن ھنواڑہ منڈل کے پلے مونی کالونی کے پاس جنگلاتی علاقوں میں ضمانت روزگار اسکیم کے کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزدوروں میں ماسک اور سیناٹائزرس بھی تقسیم کئے۔ انہوں نے کہاکہ ضمانت روزگار اسکیم کے کاموں کو پوری توجہ کے ساتھ کرنا ہوگا۔ دھوپ اور گرما کی شدت سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ پانی زائد مقدار میں پئیں اور مزدوروں کو کام کی جگہ پر سہولت کیلے شیڈس نصب کئے جائیں۔ ساتھ ساتھ کھانے اور پانی کا نظم متعلقہ عہدیداروں کو پابند کیا۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران بھی ضلع میں روزگار فراہم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع محبوب نگر میں کورونا وائرس کو قدم جمانے نہیں دیا گیا۔ انہوں نے ضلع عوام کو احتیاط کا مشورہ دیا۔ گزشتہ سال ضلع میں ماہ مئی میں صرف 9ہزار مزدوروں کو ہی کام ملا تھا لیکن اب 50 ہزار مزدوروں کو کام فراہم کیا جارہا ہے۔ ماضی میں ضلع میں پانی کا مسئلہ بڑا سنگین تھا۔ لیکن مشن بھگیرتا کے تحت گھر گھر پانی اور 24 گھنٹے برقی سربراہ کی جارہی ہے۔ پلے مونی کالونی کو نئی گرام پنچایت کا درجہ دیا گیا ہے۔ مزدوروں کو یومیہ 237 اجرت دی جارہی ہے۔ ضلع کلکٹر وینکٹ راؤ نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع محبوب نگر بہت جلد گرین زون میں آجائے گا۔ مرکزی و ریاستی حکومتوں نے لاک ڈاؤن قواعد میں کچھ رعایتیں دی ہیں۔ تمام مزدوروں میں ماسک اور سینٹائزرس تقسیم کئے جارہے ہیں۔ اس موقع پر ڈی آر ڈی او وینکٹ ریڈی، ایم پی ڈی او نٹراج، تحصیلدار اکلا پرسنا، زیڈ پی کوآپشن ممبر احمد و دیگر موجود تھے۔ریاستی وزیر نے جنگلاتی علاقہ میں موٹر سیکل پر سوار پرائمری ہیلت سنٹر پہنچے اور وہاں آشا والینٹرس میں ضروری اشیاء تقسیم کئے اور ضلع پریشد ہائی اسکول میں آٹو ڈرائیورس میں بھی ضروری اشیاء تقسیم کئے۔