متاثرین کی صدرنشین ایس سی ، ایس ٹی کمیشن ڈاکٹر سرینواس سے ملاقات
حیدرآباد۔/11 جنوری، ( سیاست نیوز) حکومت کی ضمانت روزگار اسکیم کے فوائد سے محروم کرنے کی شکایت کے ساتھ کتہ گوڑم ضلع سے تعلق رکھنے والے مختلف مواضعات کے قبائیلی عوام نے صدرنشین ایس سی ، ایس ٹی کمیشن ڈاکٹر ای سرینواس سے ملاقات کی اور انصاف کی مانگ کی۔ کتہ گوڑم تھرمل پاور اسٹیشن کے اطراف و اکناف کے مواضعات سے تعلق رکھنے والے افراد نے شکایت کی کہ ضمانت روزگار اسکیم سے وابستہ کرنے کا تیقن دیا گیا تھا لیکن سرکاری عہدیداروں نے ان کے علاقوں میں اسکیم پر عمل آوری سے گریز کیا اور انہیں اسکیم سے محروم کردیا گیا۔ صدرنشین کمیشن نے تیقن دیا کہ وہ اس معاملہ کی جانچ کرتے ہوئے انصاف رسانی کو یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے خاطیوں کے خلاف کارروائی کیلئے حکومت سے سفارش کا بھی تیقن دیا۔ عوام نے شکایت کی کہ آئی ٹی ڈی اے کے عہدیداروں نے انہیں تیقن دیا تھا کہ اسکیم پر عمل ہوگا جس کے تحت نہ صرف روزگار بلکہ آمدنی حاصل ہوگی لیکن آج تک اسکیم پر عمل آوری نہیں کی گئی اور اس بارے میں اطمینان بخش جواب دینے سے قاصر ہیں۔ صدرنشین ایس سی ، ایس ٹی کمیشن سے درخواست کی گئی کہ وہ اس معاملہ میں فوری مداخلت کریں۔ ڈاکٹر سرینواس نے تیقن دیا کہ وہ اس سلسلہ میں اعلیٰ عہدیداروں سے بات چیت کریں گے اور حکومت کی اسکیمات پر عمل آوری کو یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ضمانت روزگار اسکیم کا مقصد غریبوں کومعاشی طور پر مستحکم کرنا ہے۔ عہدیداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اسکیمات پر عمل کریں۔