ضمانت قبل از گرفتاری کیلئے نارا لوکیشہائی کورٹ سے رجوع

   

حیدرآباد۔/27ستمبر، ( سیاست نیوز) سابق چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو کے فرزند نارا لوکیش کی گرفتاری کے اندیشہ کے تحت ہائی کورٹ سے ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کرنے کی مساعی کی جارہی ہے۔ تلگودیشم کے قومی جنرل سکریٹری نارا لوکیش کو سی آئی ڈی نے اِنر رنگ روڈ کیس میں بطور ملزم نمبر 14 شامل کرتے ہوئے عدالت میں میمو داخل کیا ہے۔ سی آئی ڈی کے اس اقدام کے بعد نارا لوکیش کی گرفتاری کے امکانات ظاہر کئے جارہے ہیں۔ اسی دوران نارا لوکیش نے آندھرا پردیش ہائی کورٹ میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست داخل کی۔ نارا لوکیش ان دنوں نئی دہلی میں ہیں اور واپسی پر گرفتاری کا اندیشہ ہے۔ واضح رہے کہ وائی ایس آر کانگریس کے رکن اسمبلی اے رام کرشنا ریڈی کی شکایت پر اِنر رنگ روڈ اسکام کی جانچ کیلئے اے سی بی کورٹ میں سی آئی ڈی نے ایف آئی آر کے بعد میمو داخل کیا جس میں چندرا بابو نائیڈو کو ملزم نمبر 1 بنایا گیا ہے۔ سابق وزیر نارائنا ملزم نمبر 2 ہیں جبکہ نارا لوکیش کو کل ملزم نمبر 14 بنایا گیا۔ سی آئی ڈی کا الزام ہے کہ اِنر رنگ روڈ کے الائنمنٹ میں تبدیلی کی گئی اور اس میں چندرا بابو نائیڈو کا اہم رول ہے تاکہ ہیرٹیج فوڈس کی اراضیات کا تحفظ کیا جاسکے۔ ڈاکٹر نارائنا نے ہائی کورٹ سے پہلے ہی ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کرلی ہے۔ہائی کورٹ کی جانب سے نارا لوکیش کی درخواست پر سماعت باقی ہے۔