حیدرآباد : 17 جون (سیاست نیوز) بی آر ایس کے رکن اسمبلی پی کوشک ریڈی کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر ہائی کورٹ نے سماعت کو ملتوی کردیا ہے۔ ورنگل کے صوبیداری پولیس اسٹیشن میں درج مقدمہ کے سلسلہ میں کوشک ریڈی نے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کی۔ ہائی کورٹ نے 23 جون کو سماعت کا فیصلہ کیا ہے۔ کوشک ریڈی نے عدالت سے درخواست کی کہ انہیں آئندہ سماعت تک گرفتاری سے تحفظ فراہم کیا جائے تاہم ہائی کورٹ نے درخواست کو قبول نہیں کیا۔ کملاپورم منڈل کے رمناپلی میں گرانائٹ کے بزنس مین منوج کو 50 لاکھ روپئے ادائیگی کیلئے کوشک ریڈی نے دھمکی دی تھی۔ منوج کی اہلیہ اوما دیوی کی شکایت پر صوبیداری پولیس اسٹیشن میں رکن اسمبلی کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ کوشک ریڈی کو اندیشہ ہے کہ پولیس تحقیقات کے سلسلہ میں انہیں گرفتار کرسکتی ہے۔ انہوں نے مقدمہ کو کالعدم کرنے کے لیے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی جسے پہلے ہی مسترد کیا جاچکا ہے۔1
