نئی دہلی: سپریم کورٹ زیر سماعت قیدیوں کو ضمانت ملنے کے بعد رہائی میں تاخیر کو لے کر کافی سخت نظر آرہا ہے۔ عدالت نے اس سلسلے میں کچھ اہم ہدایات جاری کی ہیں۔ عدالت نے ضمانت منظور ہونے کے بعد زیر حراست قیدیوں کے لئے 7 اہم ہدایات جاری کی ہیں ۔ واضح رہے کہ عدالت ضمانت سے متعلق قوانین بنانے کے معاملہ کا ازخود نوٹس لے کر سماعت کررہی تھی ۔ واضح رہے کہ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے بھی یوم آئین پر اپیل کی تھی۔سپریم کورٹ کی تقریب میں تقریر کے دوران صدر دروپدی مرمو نے اپنی جذباتی اپیل میں کہا تھا کہ ملک کی جیلوں میں بند ہزاروں قیدیوں کے پاس ضمانت پر رہا ہونے کا عدالتی حکم تو ہے، لیکن ان کے پاس ضمانت کی رقم کیلئے پیسے نہیں ہیں، جس کی وجہ سے وہ جیل میں بند ہیں۔