ضمانت کی منسوخی معاملہ میں جگن کا سی بی آئی کورٹ میں حلفنامہ

   

رکن پارلیمنٹ رگھو رام راجو پرمخالف پارٹی سرگرمیوں کا الزام، 14 جون کو آئندہ سماعت
حیدرآباد۔ چیف منسٹر آندھرا پردیش جگن موہن ریڈی کی ضمانت منسوخ کرنے کیلئے دائر کی گئی درخواست پر سی بی آئی کورٹ میں سماعت کی گئی۔ رکن پارلیمنٹ رگھو رام کرشنم راجو نے یہ درخواست داخل کی ہے۔ جگن موہن ریڈی کی جانب سے ان کے وکلاء نے 98 صفحات پر مشتمل جوابی حلفنامہ داخل کیا۔ حلفنامہ میں کہا گیا ہے کہ جگن نے ضمانت کیلئے طئے کی گئی شرائط کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی۔ سی بی آئی پر اثرانداز ہونے کے الزامات کو بھی مسترد کردیا گیا۔ وکلاء نے کہا کہ سی بی آئی دراصل مرکزی وزارت داخلہ کے تحت کام کرتی ہے اور رکن پارلیمنٹ کا اس کیس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ سپریم کورٹ نے پہلے ہی فیصلہ دیا ہے کہ اس طرح کے معاملات میں تیسرے فریق کو مداخلت کا اختیار نہیں ہے۔ جگن کے وکلاء نے بتایا کہ رگھو رام راجو کی مخالف پارٹی سرگرمیوں پر انہیں نااہل قرار دینے کیلئے اسپیکر لوک سبھا کو مکتوب روانہ کیا گیا ہے۔ رگھو رام راجو پر آندھرا پردیش میں کئی مقدمات زیر دوران ہیں۔ بینکوں سے رقومات میں تغلب پر سی بی آئی نے علحدہ مقدمہ درج کیا ہے۔ وکلاء نے کہا کہ شخصی مفادات کے تحت رکن پارلیمنٹ نے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے۔واضح رہے کہ سی بی آئی کورٹ نے گزشتہ ماہ جگن موہن ریڈی کے وکلاء پر حلفنامہ داخل کرنے میں تاخیر پر ناراضگی کا اظہار کیا تھا جس کے بعد آج تفصیلی حلفنامہ داخل کیا گیا۔ سی بی آئی عدالت میں اس معاملہ کی آئندہ سماعت 14 جون کو ہوگی۔