ضمانت کی منظوری کے فوری بعد رہائی عمل میں لائی جائے

   

آندھراپردیش ہائی کورٹ کے احکامات ، نئے قواعد کی تدوین
حیدرآباد۔23 ۔جولائی (سیاست نیوز) آندھراپردیش ہائی کورٹ نے ایک اہم فیصلہ سناتے ہوئے زیر دریافت قیدی یا مجرمین کو ضمانت کی منظوری کے فوری بعد جیل سے رہا کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ عدالت نے کہا کہ ضمانت کی منظوری کے فوری بعد کسی تاخیر کے بغیر رہائی عمل میں لائی جائے کیونکہ اکثر معاملات میں حکام کی جانب سے رہائی میں تاخیر کی شکایات ملی ہیں۔ جسٹس کے للیتا نے اس سلسلہ میں رہنمایانہ خطوط جاری کئے ۔ نئی شرائط پر 26 جولائی سے عمل آوری ہوگی ۔ عدالت نے کہا کہ ہائی کورٹ رجسٹری کی جانب سے سرٹیفائیڈ آرڈر کاپی فوری طور پر جاری کرنے کے باوجود رہائی میں تاخیر کے معاملات منظر عام پر آئے۔ ملازمین کی کمی کے باعث عدالت کے احکامات کو جیل اور عہدیداروں تک پہنچانے میں تاخیر ہورہی ہے ۔ وکلاء کو احکامات حاصل کرنے میں دشواری کو دیکھتے ہوئے عدالت نے متبادل کے طور پر آن لائین احکامات ڈاؤن لوڈ کرنے کی اجازت دی ہے۔ مقدمہ کے فریقین اور وکلاء ہائی کورٹ کی ویب سائیٹ سے کیس کی تفصیلات اور آرڈر کی کاپی ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔ ہائیکورٹ رجسٹری کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ فیصلہ کی نقل ڈسٹرکٹ سیشن ججس کو فوری طور پر روانہ کریں۔ عدالت نے کہا کہ تازہ ترین قواعد پر عمل آوری میں کسی بھی دشواری کیلئے وکلاء ہائی کورٹ کے رجسٹرار سے رجوع ہوسکتے ہیں۔