ضمنی انتخابات کے نتیجے بی جے پی کیلئے مایوس کن

   

سات میں سے چار اسمبلی سیٹوں پر انڈیا اتحاد کامیاب ،یوپی کی گھوسی اسمبلی سیٹ پر ایس پی کی فتح

نئی دہلی : 6 ریاستوں کی 7 اسمبلی سیٹوں پر 5ستمبر کو ہوئے ضمنی انتخابات بی جے پی کے لئے مایو س کن رہے۔ سات میں تین سیٹوں پر اس کے اتحادیعنی این ڈی اے کو کامیابی ملی جبکہ چار سیٹوں پر انڈیا اتحاد فتحیاب رہا۔بی جے پی کے لیے سب سے زیادہ بْری خبر اتر پردیش سے ہے جہاں حکومت ہونے کے باوجود گھوسی ضمنی انتخاب میں سماجوادی پارٹی امیدوار کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ جھارکھنڈ کی ڈمری اسمبلی سیٹ پر ہوئے ضمنی انتخاب میں جھارکھنڈ مکتی مورچہ کی امیدوار بے بی دیوی نے جیت حاصل کر لی ہے۔ بے بی دیوی نے این ڈی اے میں شامل آجسو پارٹی کی امیدوار یشودا دیوی کو 17 ہزار سے زائد ووٹوں سے شکست دی۔ تریپورہ کی دھن پور سیٹ پر بی جے پی امیدوار بندو دیب ناتھ نے آسان جیت حاصل کرلی۔ تریپورہ کی بوکسا نگر اسمبلی سیٹ پر پہلے سی پی ایم کا قبضہ تھا، لیکن اقلیتوں کی اکثریت والے اس اسمبلی حلقہ میں سی پی ایم کے میزان حسین کو شکست دے کر بی جے پی کے تفضل حسین نے جیت درج کر لی ہے۔ اتراکھنڈ کی باگیشور اسمبلی سیٹ پر ہوئے ضمنی انتخاب میں بی جے پی اور کانگریس کے درمیان سخت مقابلہ کے بعد بی جے پی امیدوار پاروتی داس نے جیت حاصل کی۔ رکن اسمبلی و کابینہ وزیر چندن رام داس کے انتقال کے بعد سیٹ خالی ہو ئی تھی۔پتھوپلی (کیرالا) میں کانگریس کے آنجہانی لیڈر اومن چانڈی کے بیٹے چانڈی اومن نے اپنے حریف جیک تھامس اور لجن لال کو بہ آسانی شکست دے دی۔ جیک سی تھامس اور لجن لال کسی بھی مرحلہ کی گنتی میں ان سے آگے نہیں نکل سکے۔
37 سالہ چانڈی انتخابی حلقہ میں اپنے والد کے ریکارڈ 33255 ووٹوں کے فرق سے جیت کو بہ آسانی پار کر گئے۔ ان کے والد نے پانچ دہائیوں سے زیادہ وقت تک ریاستی اسمبلی میں پتھوپلی کی نمائندگی کی تھی۔ چانڈی اومن نے جہاں 81 ہزار 668 ووٹ حاصل کیے، وہیں قریبی حریف جیک سی تھامس کو 42 ہزار 425 ووٹ ملے۔ دھوپ گوڑی (مغربی بنگال):مغربی بنگال میں جلپائی گوڑی ضلع کی دھوپ گوڑی اسمبلی سیٹ پر بی جے پی کا قبضہ تھا، لیکن ترنمول کانگریس نے یہ سیٹ بی جے پی سے چھین لی۔ یہاں پر جمعہ کو جاری نتائج میں ترنمول امیدوار نرمل چندر رائے (96961 ووٹ) نے بی جے پی کی تاپسی رائے (92648 ووٹ) کو 4 ہزار سے زائد ووٹوں سے شکست دی۔ تیسرے مقام پر رہے لیفٹ پارٹی امیدوار ایشور چندر رائے کو 13666 ووٹ ہی مل سکے۔