نئی دہلی: لوک سبھا کی تین اور اسمبلی کی سات نشستوں کیلئے 23جون کو ہوئے ضمنی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی اتوار کو صبح8بجے شروع ہوگی ۔سب کی نظریں اعظم گڑھ‘ رام پور اور سنگرورلوک سبھا حلقوں کے نتائج پر ہیں کیونکہ یہ بڑی جماعتوں کے وقار کا مسئلہ ہے۔ اعظم گڑھ اور رام پور نشستیں اکھلیش یادو اور اعظم خاں کے استعفیٰ دینے سے خالی ہوئی تھیں جبکہ سنگرور لوک سبھا نشست بھگونت مان کے چھوڑنے سے خالی ہوئی ہے ۔پنجاب کی سنگرور لوک سبھا سیٹ پر 23 جون کو ہونے والے ضمنی انتخاب کے ووٹوں کی گنتی اتوار کی صبح 8 بجے سخت سیکورٹی کے درمیان شروع ہوگی اور دوپہر تک نتائج کا اعلان ہونے کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ یہ سیٹ وزیر اعلی بھگونت مان دو بار اس علاقے کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ اسمبلی انتخابات میں دھوری سیٹ سے الیکشن جیت کر وزیر اعلیٰ بننے کے بعد انہیں اس سیٹ سے استعفیٰ دینا پڑا تھا۔عام آدمی پارٹی (اے اے پی) نے اس سیٹ کے لیے سرپنچ گرمیل سنگھ کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔ شرومنی اکالی دل نے کمل دیپ کور راجوانہ، اکالی دل (امرتسر) نے اپنے پردھان سمرن جیت سنگھ مان کو، بی جے پی نے کیول سنگھ ڈھلون اور کانگریس نے دلبیر سنگھ گولڈی کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔ اس سیٹ پر کم ووٹنگ ہونے کی وجہ سے کئی طرح کی قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔عآپ اپنی جیت کے بارے میں پراعتماد نظر آرہی ہے۔