ضمنی انتخاب میں شکست کے بعد ہماری کارکردگی بہتر ہوگی

,

   

’ جمہوریت میں عوام ہی مالک ہوتے ہیں ‘ ۔ چیف منسٹر بہار نتیش کمار کا رد عمل
پٹنہ 25 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے ضمنی انتخابات میں جے ڈی یو کی شکست کو زیادہ اہمیت دینے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پارٹی ضمنی انتخابات میں شکست کے بعد ریاستی انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کرتی ہے ۔ انہوں نے انتخابی شکست کو قبول کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت میں عوام ہی مالک ہوتے ہیں۔ بہار میں ضمنی انتخاب پانچ نشستوں کیلئے ہوا تھا اور جے ڈی یو کو صرف ناتھ نگر کی ایک نشست سے کامیابی ملی ہے ۔ پانچ میں چار نشستوں پر جے ڈی یو کا تسلط تھا ۔ اس کے ارکان لوک سبھا کیلئے منتخب ہونے کے بعد یہ نشستیں خالی ہوئی تھیں۔ اصل اپوزیشن آر جے ڈی کو دو نشستیں سمری اور بختیار پور سے حاصل ہوئی ہیں جبکہ جبکہ مجلس کو کشن گنج سے کامیابی ملی ۔ دروندھا حلقہ سے آزاد امیدوار نے کامیابی حاصل کی ہے ۔ بی جے پی نے صرف کشن گنج سے اپنا امیدوار نامزد کیا تھا اور وہاں اسے شکست ہوئی ہے ۔ این ڈی اے نے تاہم لوک سبھا حلقہ سمستی پور سے کامیابی حاصل کرلی جہاں مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان کے بھانجے پرنس راج نے کانگریس کے اشوک کمار کو ایک لاکھ ووٹوں سے شکست دی ۔ پاسوان کے چھوٹے بھائی اور دو مرتبہ کے رکن پارلمنٹ رام چندرا پاسوان کی موت کی وجہ سے یہاں انتخاب ضروری ہوا تھا ۔ نتیش کمار نے ان نتائج پرا پنے تبصرہ میں کہا کہ وہ کیا کہہ سکتے ہیں ؟ ۔ رائے دہندے ہمارے مالک ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ ہماری تاریخ رہی ہے کہ جب کبھی ضمنی انتخاب میں ہمیں شکست ہوتی ہے اس کے بعد ہونے والے انتخابات میں ہم شاندار کامیابی حاصل کرتے ہیں ۔ جے ڈی یو نے آج اپنے پارٹی کے رد عمل میں کہا کہ امیدواروں کے انتخاب میں غلطی ہوئی تھی اس کے علاوہ پارٹی کارکنوں نے تن آسانی سے کام لیا تھا جس کے نتیجہ میں شکست ہوئی ہے ۔ پارٹی بہار یونٹ کے صدر وششٹھا نارائن سنگھ نے کہا کہ پارٹی کی کارکردگی کے تعلق سے رپورٹ طلب کی گئی ہے اور اس رپورٹ میں ملنے والی اطلاعات کی بنیاد پر کوئی کارروائی کی جائے گی اور پارٹی کی شکست کی وجوہات پر غور کیا جائیگا ۔ انہوں نے نتیش کمار کے بیان سے اتفاق کیا اور کہا کہ ہمارا ریکارڈ ہے کہ ضمنی انتخاب میں شکست کے بعد ہونے والے انتخابات میں ہم اچھی کارکردگی کا مطاہرہ کرتے ہیں۔ اس رجحان کی وجہ سے ہمیں پریشان ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔