ریاستی الیکشن کمشنر پارتھا سارتھی کا کریم نگر دورہ اور کلکٹر و دیگر عہدیداروں سے بات چیت
کریم نگر۔ ریاستی انتخابی کمشنر سی پارتھاسارتھی کی صبح بروز منگل ضلع کریم نگر آمد پر ضلع کلکٹر کریم نگر آر وی کرنن ، پولیس کمشنر وی. ستیانارائنا ، ایڈیشنل کلکٹر مجالس مقامی گریما اگروال ، ضلع پنچایتی عہدیدار بوچیا، ضلع پریشد سی ای او پرینکا و دیگر عہدیداران نے کمشنر موصوف کا خیر مقدم کیا۔ بعد ازاں عنقریب منعقد کئے جانے والے بلدی مخلوعہ نشستوں کے ضمنی انتخابات کے انتظامات کے متعلقہ امور پر اجلاس کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ ا س موقع پر کمشنر موصوف نے متعدد وجوہات کی بناء مخلوعہ سرپنچ ، وارڈ ممبر ، ایم پی ٹی سی ، بلدی وارڈ ممبر نشستوں کی تفصیلی جانکاری حاصل کی۔ ضلع عہدیداران نے تفصیلات پیش کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں 2 سرپنچ ،4 نائب سرپنچ ،31 وارڈ ممبر ،، 2 ایم پی ٹی سی 1 منڈل وائیس پریسیڈنٹ ، کتہ پلی بلدیہ میں ایک کاؤنسلر کے عہدے مخلوعہ ہیں ۔ کمشنر موصوف نے عہدیداران کو ہدایت دی کہ حکومت سے منظوری کے بعد ماہ جون میں مخلوعہ نشستوں کے لئے اعلامیہ کی اجرائی کا امکان ہے ، تاہم ضمنی انتخابات کے انعقاد کے لئے انتظامات مکمل کئے جائیں۔ عہدیداروںنے تاحال مکمل کردہ انتظامات کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے کہا کہ مراکز رائے دہی واری مسودہ فہرست رائے دہندگان تیار کی جاچکی ہے۔ کمشنر موصوف نے مراکز رائے دہی کے انتظامات کے متعلقہ اعتراضات کی یکسوئی کے بعد جاریہ ماہ کی 24 تاریخ کو حتمی فہرست رائے دہندگان کی اشاعت اور انتخابات کے انعقاد کیلئے تندہی انتظامات کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔