کانگریس نے طاقت جھونک دی، محمد علی شبیر، ہنمنت راؤ اور بھٹی وکرامارکا کو منڈلوں کی ذمہ داری
حیدرآباد۔/11ستمبر، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے نلگنڈہ کے منوگوڑ اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ میں اپنی طاقت جھونک دی ہے اور 18 ستمبر سے باقاعدہ طور پر انتخابی مہم کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔ پارٹی نے سینئر قائدین کو انتخابی مہم کی ذمہ داری سونپتے ہوئے ایک میونسپلٹی اور7 منڈلوں کے انچارجس کے طور پر سینئر قائدین کو ذمہ داری دی ہے۔ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ مانکیم ٹیگو ایم پی نے سینئر قائدین کی جانب سے منڈلوں کی ذمہ داری قبول کرنے پر مسرت کا اظہار کیا اور ٹوئٹر پر لکھا کہ یہ پارٹی قائدین کی دلچسپی کا اظہار ہے کہ وہ منوگوڑ میں متحدہ طور پر پارٹی کو کامیاب بنانے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سینئر قائدین کے میدان میں اترنے سے منوگوڑ میں کانگریس کی کامیابی یقینی ہوجائے گی۔ انہوں نے لکھا کہ سینئر قائدین کی دلچسپی سے منوگوڑ میں کافی اہم تبدیلیاں رونما ہوں گی۔ منوگوڑ کے نامپلی منڈل کے انچارج کے طور پر سابق ڈپٹی چیف منسٹر دامودھر راج نرسمہا کو مقرر کیا گیا ہے جبکہ انجن کمار یادو اور ڈاکٹر ملو روی ان کی اعانت کریں گے۔ چوٹ اوپل منڈل کے انچارج رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی ہوں گے جبکہ کے انیل کمار ریڈی اور این راجندر ریڈی ان کی اعانت کریں گے۔ منوگوڑ منڈل کے لئے سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا کو انچارج مقرر کیا گیا ہے۔ رکن اسمبلی ڈی سیتکا اور وجئے رمنا راؤ معاون انچارج ہوں گے۔ مری گوڑہ منڈل کیلئے رکن اسمبلی ڈی سریدھر بابو کو انچارج مقرر کیا گیا جبکہ سی ایچ سدھاکر اور وی نریندر ریڈی معاون ہوں گے۔ چنڈور منڈل کے انچارج کے طور پر سابق سی ایل پی لیڈر محمد علی شبیر کو مقرر کیا گیا ہے۔ ای انیل کمار اور سی ایچ ومشی کرشنا معاون ہوں گے۔ گٹ اوپل منڈل کیلئے سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ انچارج ہوں گے۔ سمپت کمار اور اے سرینواس ان کے معاون ہوں گے۔ نارائن پور منڈل کے انچارج خود صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی ہوں گے جبکہ پی بلرام نائیک اور جی ست نارائن راؤ معاون رہیں گے۔ چوٹ اوپل میونسپلٹی کے انچارج کے طور پر سابق وزیر ڈاکٹر جے گیتا ریڈی کو مقرر کیا گیا ہے۔ تلنگانہ میں اب تک 4 اسمبلی ضمنی چناؤ ہوئے اور یہ پہلا موقع ہے جب پارٹی نے خود صدر پردیش کانگریس کو منڈل کا انچارج مقرر کیا ہے۔ر