ضمنی چناؤ: 1 لوک سبھا اور 6 اسمبلی نشستوں پر 27 فبروری کو ووٹنگ

   

نئی دہلی: الیکشن کمیشن آف انڈیا نے آج (18 جنوری) تین ریاستوں تریپورہ، میگھالیہ اور ناگالینڈ میں اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کرنے کے ساتھ ساتھ ایک لوک سبھا سیٹ اور 6 اسمبلی سیٹوں پر ضمنی انتخاب کرانے کا اعلان بھی کیا۔ یہ ضمنی انتخابات 7 ریاستوں اور مرکز کے زیرانتظام خطوں میں ہوں گے۔ ان سبھی سیٹوں پر 27 فروری کو ووٹ ڈالے جائیں گے اور نتائج کا اعلان 2 مارچ کو کیا جائے گا۔جن سیٹوں پر ضمنی انتخابات ہونے ہیں ان میں لکش دیپ (ایس ٹی) لوک سبھا سیٹ ہے۔ علاوہ ازیں اسمبلی سیٹوں میں اروناچل پردیش کی لملا، جھارکھنڈ کی رام گڑھ، تمل ناڈو کی ایروڈ (ایسٹ)، مغربی بنگال کی ساگرڈگہی، مہاراشٹر اکی قصبہ پیٹھ اور چنچواڑ شامل ہیں۔لکشدیپ (ایس ٹی) لوک سبھا سیٹ پر رکن پارلیمنٹ محمد فیضل کو نااہل قرار دیا گیا ہے جس کی وجہ سے ضمنی انتخاب کرایا جا رہا ہے۔ واضح رہیکہ الیکشن کمیشن نے آج ہی تین ریاستوں میں اسمبلی چناؤکی تاریخوں کا اعلان کیا ہے۔ تریپورہ میں 16 فروری کو ووٹ ڈالے جائیں گے، جبکہ میگھالیہ اور ناگالینڈ میں ووٹنگ کیلئے27 فروری کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔ تینوں ہی ریاستوں میں ووٹوں کی گنتی 2 مارچ کو ہوگی۔
یعنی اسمبلی انتخابات اور ضمنی انتخابات کے نتائج ایک ہی دن آئیں گے۔